صوابی: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں حکومت کرنا آسان نہیں کیونکہ حکومت کرنے کی اجازت ہی نہیں دی جا رہی۔
صوابی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد قیصر نے بتایا کہ صوبے کے چیف منسٹر کو اپنے لیڈرز سے ملاقات تک نہیں کرنے دی گئی، جو جیل مینوئل کے مطابق کسی بھی قیدی کے ساتھ ملاقات کے حق کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ظلم اور ڈھنڈے کے اس نظام کو کوئی بھی منظور نہیں کرسکتا اور ملک میں قانون و آئین کے مطابق رہنا ضروری ہے۔ اسد قیصر نے عوام کے حق رائے دہی کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام سے ان کے ووٹ کا حق چھینا جا رہا ہے، اور ووٹ ڈالنے والے سے زیادہ ووٹ گننے والا اہمیت رکھتا ہے۔
اسد قیصر نے ہری پور میں حالیہ ضمنی انتخابات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کسی اور کو پڑا اور رکن کوئی اور بن گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فارم پینتالیس کے مطابق سب کچھ درست ہے، لیکن کمپیوٹر پر بیٹھا شخص اپنی مرضی کا ڈیٹا فیڈ کر رہا ہے، جس سے ووٹ کا حقیقی حق متاثر ہو رہا ہے۔