راولپنڈی: سینٹرل جیل راولپنڈی میں قید سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ملاقات کروا دی گئی ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق منگل کے روز عمران خان اور بشریٰ بی بی کے درمیان ملاقات جیل کے مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت کروائی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ دونوں میاں بیوی تقریباً 45 منٹ تک ایک دوسرے کے ساتھ رہے، جس دوران انہوں نے ایک دوسرے کا حال احوال دریافت کیا اور باہمی گفتگو کی۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور ملاقات مکمل ہونے کے بعد بشریٰ بی بی کو واپس ان کے بیرک میں منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق یہ پہلی ملاقات نہیں تھی، گزشتہ منگل کو بھی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات کروائی گئی تھی۔ تاہم جیل انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس دوران کسی بھی بیرونی شخص، عزیز و اقارب یا سیاسی رہنما کو عمران خان یا بشریٰ بی بی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
جیل حکام کے مطابق ملاقاتیں عدالتی احکامات اور جیل قوانین کے مطابق کروائی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت یا استثنا نہیں دیا جا رہا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان مختلف مقدمات کے سلسلے میں سینٹرل جیل راولپنڈی میں پابند سلاسل ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی بھی علیحدہ کیسز کے تحت جیل میں قید ہیں۔