پنجاب میں پہلا ٹائم بیسڈ سٹروک ٹریٹمنٹ کلچر متعارف چار گھنٹے میں علاج، عمر بھر کی معذوری سے نجات

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں سٹروک (فالج) کے بروقت اور جدید علاج کے لیے تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے پنجاب میں پہلے ٹائم بیسڈ سٹروک ٹریٹمنٹ کلچر کے نفاذ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت پنجاب کے ہر ضلع میں سٹروک مینجمنٹ سنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ فالج اب جان لیوا یا عمر بھر کی معذوری کا سبب نہ بنے۔

پنجاب بھر میں سٹروک سنٹرز کا جامع نیٹ ورک

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے سٹروک مینجمنٹ پروگرام کے تحت صوبے کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں سٹروک سنٹرز قائم کیے جائیں گے۔ مرحلہ وار منصوبے کے مطابق پہلے مرحلے میں 30 ضلعی ہسپتالوں، دوسرے مرحلے میں 15 اور آخری مرحلے میں باقی 24 ضلعی ہسپتالوں میں سٹروک سنٹرز فعال کیے جائیں گے۔

ہر ضلع میں ماہر نیورالوجسٹ اور پیڈز نیورالوجسٹ کی تعیناتی بھی کی جائے گی تاکہ فالج کے مریضوں کو فوری اور معیاری علاج میسر آ سکے۔

سی ٹی سکین اور ادویات کی ہمہ وقت دستیابی

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ پنجاب کے ہر سرکاری ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین ہر وقت فعال اور تیار رکھی جائے۔ ہنگامی حالات میں جانیں بچانے کے لیے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹس میں بھی عارضی طور پر سٹروک مینجمنٹ پروگرام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے فالج کے علاج میں استعمال ہونے والے ”ٹی پی اے“ (TPA) انجکشن کی خریداری کی منظوری دے دی ہے جبکہ جدید ترین ”ٹی این کے“ (TNK) انجکشن کی فراہمی کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

ڈاکٹروں کی خصوصی تربیت

سٹروک مینجمنٹ ٹریننگ پروگرام کے تحت فزییشنز کو ہائپر ٹرینڈ کیا جائے گا۔ فزییشنز کو نہ صرف فالج کی تشخیص بلکہ TPA اور TNK انجکشن لگانے اور مکمل سٹروک مینجمنٹ کی عملی تربیت دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے وسط فروری تک انجکشن اور ٹریٹمنٹ ٹریننگ مکمل کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔

عوامی آگاہی مہم

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فالج کی بروقت تشخیص کے لیے موثر عوامی آگاہی مہم چلانے کا بھی اعلان کیا۔ عوام کو فالج کی علامات اور چار گھنٹے کے “گولڈن آور” کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا کیونکہ فالج کے حملے کے بعد اگر مریض کو چار گھنٹے کے اندر قریبی سٹروک سنٹر پہنچا دیا جائے تو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ کا ویژن

سٹروک مینجمنٹ سنٹرز کے قیام سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا:

“ہر ضلع میں سٹروک سنٹر بنائے جا رہے ہیں اور بتدریج تحصیلوں تک سٹروک سنٹرز کا دائرہ کار بڑھائیں گے۔”

انہوں نے کہا:

“چاہتی ہوں کسی مریض کو ایمرجنسی کی صورت میں دور دراز شہر نہ جانا پڑے۔ ہر مریض کو قریبی ہسپتال میں فوری علاج کی سہولت میسر ہونا میرا ویژن ہے۔”

وزیراعلیٰ نے مزید کہا:

“عوام کو فالج کی علامات اور چار گھنٹے کے گولڈن آور کی اہمیت سے آگاہ کرنا ناگزیر ہے، کیونکہ بروقت علاج سے معذوری کو روکا جا سکتا ہے۔”

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط