بھارت کا من گھڑت دہشت گردی بیانیہ حقائق نہیں چھپا سکتا، خطے کے امن میں مسلسل خلل ڈال رہا ہے,ترجمان دفتر خارجہ کا ہفتہ وار بریفنگ میں مؤقف

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق من گھڑت بیانیہ اور پاکستان کے خلاف جارحانہ طرز عمل زمینی حقائق کو نہیں چھپا سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت خطے میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے والا مستقل کردار ادا کرتا رہا ہے۔

دفتر خارجہ میں منعقدہ ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ بھارت نے نہ صرف بیرون ملک ماورائے عدالت قتل کیے بلکہ ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو جیسے آپریٹوز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرائی گئی، جبکہ مطلوب مجرموں کو بھارت میں محفوظ پناہ گاہیں فراہم کی گئیں۔

بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو بڑھتی ہوئی ہراسانی، جبر اور امتیازی سلوک کا سامنا ہے، جو عالمی برادری کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے پاکستان پر الزامات لگانا ایک پرانا ہتھکنڈا ہے۔

پاک سعودی دفاعی تعاون بدستور مضبوط

ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط، مستحکم اور کثیرالجہتی نوعیت کا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب کے ساتھ کسی مخصوص دفاعی پلیٹ فارم یا قرض کے حوالے سے کسی حتمی معاہدے کی فی الحال کوئی اطلاع نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں کسی ممکنہ دفاعی معاہدے کو حتمی شکل دی جاتی ہے تو اس کی تصدیق باضابطہ تکمیل کے بعد کی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق پاک سعودی دفاعی تعاون دو طرفہ فریم ورک کے تحت مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔

سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجیوں سے متعلق وضاحت

سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجیوں کی تعیناتی سے متعلق سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس حوالے سے کسی فیصلے کی کوئی معلومات موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان متعدد دفاعی منصوبے زیر غور ہیں، تاہم فوجیوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق قیاس آرائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ دفاعی تعاون ہمیشہ باہمی معاہدوں اور طے شدہ طریقہ کار کے تحت جاری رہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر قائم ہیں۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط