دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیراعظم شہباز شریف وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی اور استحکام کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی

کوئٹہ: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آج بھی جاری ہے اور خوارج کو ہمسایہ ممالک کی جانب سے معاونت حاصل ہے، تاہم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔

کوئٹہ میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی، امن و امان اور عوامی فلاح کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کو درپیش مسائل کے حل، جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان حکومت کی جانب سے ترقی کے فروغ، امن و امان کے قیام، سیاسی ہم آہنگی کے استحکام اور وزیراعظم کمپلینٹ سیل پر درج عوامی شکایات کے مؤثر ازالے کے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی نے خیبر پختونخوا کی طرح بلوچستان میں بھی سنگین مسائل پیدا کیے، تاہم معرکۂ حق میں دشمن کو ایسا سبق سکھایا گیا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔

اس سے قبل چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے وزیراعظم کو صوبے میں مختلف شعبہ جات میں کی جانے والی اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور بالخصوص تعلیم، صحت، گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی سے متعلق اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے تھے۔

Related posts

اسلام آباد: تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے پر وزیراعظم کی ہنگامی کمیٹی قائم

پاکستان بھر میں ڈرون اُڑانے پر پابندی — سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سخت اقدامات

پاک فضائیہ کی کارروائی: ننگرہار میں مبینہ ایمونیشن ڈیپو تباہ، سرحدی کشیدگی میں اضافہ