اسلام آباد: پاکستان کے مختلف علاقوں میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کے جھٹکے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، شانگلہ اور بونیر میں بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے جھٹکے وادی نیلم سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی ریکارڈ کیے گئے، جہاں رات کے وقت اچانک زمین لرزنے سے شہری خوفزدہ ہو گئے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر کھلے مقامات کی جانب نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 159 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز تاجکستان اور چین کے علاقے سنکیانگ کے سرحدی علاقے میں واقع تھا، تاہم اس کے اثرات پاکستان کے مختلف حصوں تک محسوس کیے گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ متعلقہ ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ شہریوں کو افواہوں سے گریز اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان زلزلہ خیز خطے میں واقع ہے اور ماضی میں بھی شمالی علاقوں میں اس نوعیت کے زلزلے محسوس ہوتے رہے ہیں، تاہم حالیہ زلزلے کی گہرائی زیادہ ہونے کے باعث بڑے پیمانے پر نقصان سے بچاؤ ممکن رہا۔