سرکاری اداروں کی مالی کارکردگی بدستور تشویشناک، مالی سال 2025 میں نقصانات میں 300 فیصد اضافہ

اسلام آباد: مالی سال 2025 کے دوران سرکاری اداروں کی مالی صورتحال میں نمایاں بگاڑ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں خسارے میں چلنے والے اداروں کے مجموعی نقصانات میں 300 فیصد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تازہ رپورٹ کے مطابق اس بڑھتے ہوئے خسارے نے نہ صرف قومی خزانے پر دباؤ بڑھایا ہے بلکہ حکومتی اصلاحاتی دعوؤں پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 25-2024 کے دوران خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کو مجموعی طور پر 123 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، جبکہ اس سے ایک سال قبل مالی سال 24-2023 میں یہی خسارہ 30 اعشاریہ 6 ارب روپے تھا۔ یوں ایک ہی مالی سال میں نقصانات میں کئی گنا اضافہ سامنے آیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خسارے کے اعتبار سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) سب سے زیادہ متاثرہ ادارہ رہی، جسے مالی سال 2025 میں 153 ارب روپے کے بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ توانائی کے شعبے سے وابستہ ادارے بھی مسلسل خسارے کی زد میں رہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ الیکٹرک کو 58 اعشاریہ 1 ارب روپے، سکھر الیکٹرک کو 29 اعشاریہ 6 ارب روپے، پاکستان ریلوے کو 26 اعشاریہ 5 ارب روپے اور پشاور الیکٹرک کو 19 اعشاریہ 7 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ اسی طرح پاکستان اسٹیل ملز کا خسارہ بھی 15 اعشاریہ 6 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو اس ادارے کی مسلسل زوال پذیر کارکردگی کا عکاس ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ مالی سال 2025 کے پہلے چھ ماہ کے دوران بڑے خسارے والے سرکاری اداروں نے مجموعی طور پر 343 ارب روپے کے نقصان کی اطلاع دی۔ تاہم حکام کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں مجموعی خسارے میں 2 فیصد کی معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، جسے اصلاحاتی اقدامات کا ابتدائی اثر قرار دیا جا رہا ہے۔

ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں کے مسلسل بڑھتے ہوئے نقصانات ملکی معیشت کے لیے ایک سنگین چیلنج بنتے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق مؤثر گورننس، شفافیت، اخراجات میں کمی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے بغیر ان نقصانات پر قابو پانا مشکل ہوگا، جبکہ طویل مدت میں یہ خسارے ٹیکس دہندگان پر اضافی بوجھ کا باعث بن سکتے ہیں۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط