لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں زیرِ تعمیر نئے ہسپتالوں کی جلد تکمیل کے واضح احکامات جاری کر دیے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے نواز شریف کینسر ہسپتال لاہور، جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سمیت دیگر منصوبوں کے لیے سخت ڈیڈ لائن مقرر کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ لاہور میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو اسی ماہ عوام کے لیے کھول دیا جائے۔ نواز شریف کینسر انسٹی ٹیوٹ کے بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کی تکمیل کر لی گئی ہے جبکہ مریضوں کے لیے ویٹنگ ایریا، سرائے، مسجد اور ڈاکٹرز کی رہائش گاہیں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق پاکستان کا پہلا نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر اسی ماہ باقاعدہ طور پر کام شروع کر دے گا، جہاں ملک بھر سے آنے والے کینسر کے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سنٹر میں ڈاکٹرز اور پروفیشنل اسٹاف کی بھرتیوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ 219 آسامیوں کے لیے انٹرویوز جاری ہیں۔ ادارے کے سربراہ کی تعیناتی کے لیے آسامی دوبارہ مشتہر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لاہور میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے آغاز کے لیے 31 جنوری کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے، جبکہ لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے اور عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔