اسلام آباد کے علاقے جی سیون ٹو آبپارہ میں شادی کی تقریب والے ایک گھر میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے زور دار دھماکے میں دلہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 12 افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے نتیجے میں رہائشی عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی، جبکہ اطراف کے چار گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
واقعے کے فوراً بعد ریسکیو اداروں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے آپریشن شروع کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کے مطابق دھماکے کی اطلاع صبح 7 بج کر 20 منٹ پر موصول ہوئی۔ انہوں نے تصدیق کی کہ اب تک 8 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 12 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ کسی زخمی کی حالت تشویشناک نہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس لیکج کے باعث پیش آیا، جو سردیوں کے موسم میں ایک عام مگر انتہائی خطرناک مسئلہ بن جاتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ رات کے وقت گیس کے استعمال سے گریز کریں اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں۔
ان کے مطابق ایک زخمی کو برن سینٹر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔