فرانزک رپورٹ میں تصدیق: ریڈیو پاکستان پشاور پر حملہ منصوبہ بند تھا، 9 مئی کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا: عظمٰی بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ 9 مئی کو پشاور میں ریڈیو پاکستان پر ہونے والا حملہ باقاعدہ منصوبہ بندی اور سیاسی ہدایات کے تحت کیا گیا، اور فرانزک تحقیقات نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی اندرونی انکوائری خود کو بری الذمہ ثابت کرنے میں ناکام رہی، جبکہ آزاد فرانزک شواہد نے تمام دعووں کو جھوٹا ثابت کر دیا ہے۔

عظمٰی بخاری کے مطابق فرانزک رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ سہیل افریدی، کامران بنگش، تیمور جھگڑا، عرفان سلیم اور آئی ایس ایف کے عامر چمکنی ریڈیو پاکستان پر حملے، آتش زنی اور سرکاری املاک کی تباہی میں براہِ راست ملوث تھے۔ یہ شناخت ویڈیوز میں موجود چہروں کو سرکاری اور عوامی پروفائل تصاویر کے ساتھ ملانے کے بعد کی گئی۔

وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ یہ واقعہ کسی جذباتی ردعمل کا نتیجہ نہیں تھا بلکہ ایک سوچی سمجھی سازش تھی، جس کا ہدف ریاست پاکستان، قومی ادارے اور عوامی املاک تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کسی سیاسی جماعت کو قومی اداروں اور ملکی وقار کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرانزک سائنس لیبارٹری کی جامع تحقیقات نے 16 ویڈیوز کا فریم بہ فریم تجزیہ کیا، جس میں کسی قسم کی ایڈیٹنگ یا چھیڑ چھاڑ کے شواہد نہیں ملے، جس سے ویڈیوز کی صداقت کی تصدیق ہوئی۔ تحقیقات انسداد دہشت گردی عدالت کے احکامات کی روشنی میں کی گئیں اور شواہد دستاویزی طور پر عدالت میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کے طرز سیاست کو دنگا، فساد اور توڑ پھوڑ پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دور حکومت میں عوام کو محض نمائشی نعروں اور غیر سنجیدہ اقدامات کے سوا کچھ نہیں ملا۔ انہوں نے کراچی میں حالیہ دورے کے دوران پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے میڈیا پر پتھراؤ اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے کے واقعات کو بھی انتہا پسندی کی واضح مثال قرار دیا۔

عظمٰی بخاری نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کبھی فراموش نہیں کیے جائیں گے اور تمام ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ ریاست جھوٹے بیانیے، سیاسی ڈراموں اور انتشار کے سامنے نہیں جھکے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، ریاستی اداروں کے احترام اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے خود وعدہ کیا تھا کہ اگر توڑ پھوڑ فرانزک سے ثابت ہو گئی تو وہ معافی مانگیں گے، مگر واضح شواہد کے باوجود کوئی معذرت سامنے نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کی معتبر فرانزک ایجنسی نے ان عناصر کی ملوث ہونے کی تصدیق کی ہے، جسے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جدید خطوط پر استوار کر رہی ہیں۔

عظمٰی بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ مثبت مقابلے، مذاکرات اور تعاون پر یقین رکھتی ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے، معیشت مستحکم ہو رہی ہے، مہنگائی میں کمی آ رہی ہے اور عوام کی زندگی میں بہتری نظر آ رہی ہے۔

اختتام پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتشار پھیلانے والے عناصر ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کریں گے اور ملکی ترقی، عوامی فلاح اور مضبوط انفراسٹرکچر کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط