کراچی: قونصلیٹ کے عملے نے امریکی خاتون کو وطن واپسی پر آمادہ کرلیا

کراچی: امریکی قونصلیٹ کے عملے نے امریکی خاتون کو وطن واپسی پر آمادہ کرلیا۔

سوشل میڈیا پر پاکستانی نوجوان سے مبینہ محبت کی کہانی کے پس منظر میں کراچی آئی امریکی خاتون سے جناح اسپتال میں امریکی قونصلیٹ کے عملے نے ملاقات کی۔ 

ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ جناح اسپتال کے اسپشل وارڈ میں زیر علاج امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس کو وطن واپسی کے لیے آمادہ کر لیا گیا ہے اور امریکی قونصل خانے کی طرف سے خاتون کی ریٹرن ٹکٹ کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

اسپتال میں امریکی قونصلیٹ کے عملے کو جناح اسپتال کے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر چنی لال نے ایک گھنٹے تک مریضہ سے متعلق بریفنگ دی۔ 

ڈاکٹر نے امریکی قونصلیٹ کے عملے کو بتایا کہ مریضہ کی طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے، اسپتال داخلے کے وقت طبی ٹیسٹ کرانے پر مریضہ کا ہیموگلوبن صرف 4 تھا تاہم خون کے 3 پیک لگائے گئے تو اب مریضہ کا ہیمو گلوبن 9 ہوگیا ہے جب کہ نفسیاتی مرض بائی پولر ڈس آرڈر کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے ان کی حرکات اور سکنات کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور ادویات بھی دی جارہی ہیں۔ 

جناح اسپتال کے ترجمان جہانگیر درانی نے بتایا کہ امریکی قونصلیٹ کے عملے کو مریضہ کو اب تک دی جانے والی ادویات اور ٹیسٹوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، مریضہ کے دیگر طبی مسائل پر بھی کسی حد تک بہتری آئی ہے۔ 

ترجمان کے مطابق امریکی خاتون کو میڈیکل بورڈ کی فٹنس کے بعد 11 فروری سے پہلے اسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔

Related posts

بلوچستان کابینہ کا بڑا فیصلہ: لیویز فورس کو 6 ڈویژنز میں پولیس میں ضم کر دیا گیا

جامعہ قادریہ کے فضلاء اجتماع میں مولانا فضل الرحمن کا خطاب، اسرائیل اور تعلیمی اصلاحات پر زور

ہم چہرے نہیں، نظام بدلنا چاہتے ہیں: حافظ نعیم الرحمان