وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت این آئی ٹی بی کا اجلاس، شہری سہولیات میں ڈیجیٹل اصلاحات پر زور

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت آج نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) کے امور پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے شہریوں کے لیے حکومتی سہولیات کو مزید آسان بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ اور اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ حجاج کرام کی سہولت کے لیے اس سال سے حج کے تمام ضروری مراحل کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جائے تاکہ حجاج کو آسان اور شفاف خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کے قیام کے لیے کی گئی بھرپور تیاریوں کو سراہا۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ این آئی ٹی بی کے نئے سی ای او کی تعیناتی کے بعد ادارے کے پورے ڈھانچے کو عصری تقاضوں کے مطابق ازسرنو ترتیب دیا جا رہا ہے اور اسلام آباد میں شہریوں کے لیے آسان خدمت مرکز کھولنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے کیو آر بیسڈ فیڈبیک سسٹم کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی آسانی سے خدمات سے متعلق اپنی رائے دے سکیں۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ سرکاری شعبے کے تمام اداروں کے لیے ایک محفوظ نئی موبائل ایپ جلد جاری کی جائے گی، جبکہ اسپتالوں میں ون پیشنٹ ون آئی ڈی کے مربوط نظام کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔ اس نظام سے اسپتالوں کی کارکردگی بہتر ہوگی اور مریضوں کو بروقت اور معیاری دیکھ بھال فراہم کی جا سکے گی۔

مزید بتایا گیا کہ بگ ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے عدلیہ کے لیے انالیٹکس ڈیش بورڈ بھی جلد تیار کیا جا رہا ہے تاکہ فیصلوں اور سروسز کی کارکردگی کا تجزیہ آسانی سے کیا جا سکے۔

این آئی ٹی بی اس وقت 145 سے زائد سرکاری ویب سائٹس، 126 سے زائد پورٹلز اور 31 سے زائد موبائل ایپلی کیشنز چلا رہا ہے، جن کے ذریعے شہری اور ادارے مختلف خدمات تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے حکومت شہریوں کو شفاف، بروقت اور معیاری خدمات فراہم کرنے میں مزید کامیاب ہو گی۔ انہوں نے این آئی ٹی بی کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل اصلاحات کے تمام منصوبے جلد مکمل کیے جائیں اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کو ہر سطح پر بہتر بنایا جائے۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط