اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر کے تقرر پر پیش رفت، جمعرات تک نوٹیفکیشن متوقع

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر سے متعلق معاملہ حتمی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے اور جمعرات تک محمود خان اچکزئی کو باضابطہ طور پر اپوزیشن لیڈر نامزد کیے جانے کا نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔

گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی، جس میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کا مکمل طریقہ کار طے پاگیا ہے۔ ان کے مطابق اسپیکر کے ساتھ ہونے والی ملاقات خوشگوار رہی اور معاملے پر اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے انکشاف کیا کہ اس ملاقات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے دو ارکان بھی موجود تھے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی چونکہ اپوزیشن بینچز پر نہیں بیٹھی، اس لیے اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے معاملے میں اس کا کوئی آئینی یا اخلاقی حق نہیں بنتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق پیپلزپارٹی کے ارکان نے خود یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈر کے تقرر سے متعلق کوئی دستاویزات جمع نہیں کرائیں گے، جس کے بعد یہ معاملہ مزید واضح ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کا تقرر آئین اور پارلیمانی روایات کے مطابق کیا جا رہا ہے اور اس عمل میں کسی غیر متعلقہ جماعت کی مداخلت قابل قبول نہیں ہوگی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی سے پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا کردار مزید متحرک ہونے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں ایوان کے اندر سیاسی سرگرمیوں میں تیزی متوقع ہے۔

Related posts

جنید صفدر ایک بار پھر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کو تیار، شادی کی تقریبات جنوری کے وسط میں متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلویز کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین سے مشاورتی اجلاس

ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جدت کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط