اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آج اسلام آباد میں امریکہ کی معروف ڈیجیٹل فنانشل کمپنی ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد نے چیف ایگزیکٹو آفیسر زچری وِٹکوف (Zachery Witkoff) کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں، مالیاتی جدت اور سرحد پار لین دین کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب بھی شریک تھے۔
وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے ڈیجیٹل پاکستان کے لیے حکومت کے وژن کا اعادہ کیا اور کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کو سہولت، شفافیت اور مالی شمولیت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کا فروغ اور مالیاتی جدت پاکستان کی تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل معیشت کے بنیادی ستون ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کی ڈیجیٹل مالیاتی منڈیوں میں بڑھتی ہوئی بین الاقوامی دلچسپی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تیزی سے عالمی ڈیجیٹل معیشت کا مؤثر حصہ بن رہا ہے اور حکومت اس شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور شراکت داری کو بھرپور سہولت فراہم کر رہی ہے۔
اس موقع پر ورلڈ لبرٹی فنانشل کے سی ای او زچری وِٹکوف نے پاکستان کے ساتھ محفوظ، شفاف اور جدید ڈیجیٹل ادائیگی کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل کے لیے تعاون میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون میں سرحد پار سیٹلمنٹ، زرمبادلہ کے حصول اور ادائیگی کے جدید طریقہ کار شامل ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان کے پالیسی فریم ورک کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فریم ورک ملک کو عالمی ڈیجیٹل معیشت میں ایک اہم کردار کے طور پر اجاگر کر رہا ہے۔ انہوں نے نیکسٹ جنریشن ڈیجیٹل ادائیگیوں اور سرحد پار مالیاتی جدتوں کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حکومت پاکستان اور SC فنانشل ٹیکنالوجیز ایل ایل سی (جو ورلڈ لبرٹی فنانشل سے منسلک ادارہ ہے) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد سرحد پار لین دین کے لیے ابھرتے ہوئے ڈیجیٹل ادائیگی کے آرکیٹیکچرز پر مکالمے، تکنیکی تعاون اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دینا ہے۔
مفاہمتی یادداشت پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سی ای او ورلڈ لبرٹی فنانشل زچری وِٹکوف نے دستخط کیے۔
یہ معاہدہ پاکستان کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عالمی ڈیجیٹل فنانس کے ساتھ مؤثر انضمام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔