لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے پوتے جنید صفدر آئندہ چند روز میں ایک مرتبہ پھر شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔ جنید صفدر کی شادی شانزے علی روحیل سے ہو رہی ہے، جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق شادی کی تقریبات 16 جنوری 2026 سے شروع ہوں گی، جب کہ جنید صفدر کی بارات 17 جنوری کو لاہور کے علاقے لیک سٹی میں منعقد ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح ولیمے کی تقریب 18 جنوری 2026 کو شریف خاندان کی رہائش گاہ شریف فارمز، جاتی اُمرا میں دوپہر ایک بجے متوقع ہے۔
سوشل میڈیا پر جنید صفدر کے ولیمے کا دعوت نامہ وائرل ہو چکا ہے، جس میں تاریخ، مقام اور وقت درج ہے۔ تاہم شریف خاندان یا مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے شادی کی تقریبات کی تاریخوں کے حوالے سے تاحال باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آ سکی۔
دوسری شادی کی تصدیق پہلے ہی ہو چکی
واضح رہے کہ جنید صفدر کی دوسری شادی کی تصدیق گزشتہ ماہ خود شیخ روحیل اصغر کی جانب سے کی جا چکی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی پوتی شانزے علی روحیل اور جنید صفدر کی بہن ماہنور صفدر کے درمیان گہری دوستی ہے اور دونوں ایک دوسرے کے گھروں میں آنا جانا رکھتی ہیں۔
شیخ روحیل اصغر کے مطابق یہ کہنا مشکل ہے کہ آیا ماہنور صفدر نے اپنے بھائی کے لیے اس رشتے کا انتخاب کیا، تاہم شانزے علی روحیل کا مریم نواز سے مسلسل رابطہ اور ملاقاتیں رہتی تھیں، جس کے بعد یہ رشتہ طے پایا۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کے بیٹے نے اس رشتے کے حوالے سے مشورہ کیا تو انہوں نے اسے خدا کی رحمت قرار دیتے ہوئے قبول کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔
جنید صفدر کی پہلی شادی
یاد رہے کہ جنید صفدر اس سے قبل بھی شادی کر چکے ہیں۔ انہوں نے 2021 میں عائشہ سیف کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کا اعلان کیا تھا، تاہم یہ شادی زیادہ عرصہ قائم نہ رہ سکی اور دونوں کے درمیان اکتوبر 2023 میں علیحدگی ہو گئی تھی۔
سیاسی و سماجی حلقوں میں جنید صفدر کی دوسری شادی کی خبر خاصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جب کہ سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ ممکنہ طور پر شادی کی تقریبات میں سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔