لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی محض دعوؤں تک محدود نہیں بلکہ اس کے مثبت اثرات عملی طور پر گراونڈ پر نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کا سب سے بڑا معیار ان کے منصوبوں کی شفافیت اور عوام کو براہ راست ملنے والا ریلیف ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسی ماہ نواز شریف کینسر ہسپتال کی او پی ڈی کا افتتاح کیا جا رہا ہے جبکہ سرگودھا میں جدید کارڈیالوجی ہسپتال بھی عوام کے لیے کھولا جائے گا، جو صحت کے شعبے میں ایک بڑا سنگ میل ثابت ہوں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی، فیلڈ ہسپتالوں کا قیام اور ’’کلینک آن ویلز‘‘ جیسے منصوبے عوامی خدمت کی واضح مثال ہیں، جن کے ذریعے دور دراز علاقوں میں بھی علاج کی سہولتیں پہنچائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اپنے تمام منصوبوں اور پروگرامز کی خود براہ راست نگرانی کرتی ہیں تاکہ شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ اسی مقصد کے تحت سرکاری افسران کی کارکردگی جانچنے کے لیے واضح کے پی آئیز (KPIs) متعارف کروائے گئے ہیں۔ پنجاب میں بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران کو شاباش دی جاتی ہے اور تعریفی اسناد سے نوازا جاتا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ مریم نواز عوام کو ملنے والے ریلیف میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرتیں اور نہ ہی عوام کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’آدھا تیتر آدھا بٹیر‘‘ کی سیاست کرنے والے دراصل سیاسی بونے ہیں جن کا کوئی واضح مؤقف یا عوامی ایجنڈا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں کا اوڑھنا بچھونا احتجاج، انتشار اور فساد ہے، ان سے عوامی ریلیف کی توقع نہیں رکھی جا سکتی۔ سیاست خدمت کا نام ہے، ہر مہینے سڑکوں پر سرکس لگانے کا نہیں۔ پنجاب حکومت عملی اقدامات کے ذریعے عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور یہی اس کی اصل سیاست ہے