لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ شادی کی مرکزی تقریب لاہور کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں منعقد ہوئی، جہاں ملک کی اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
جنید صفدر کی بارات میں سابق وزیراعظم نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، شریف خاندان کے دیگر افراد کے علاوہ وفاقی و صوبائی وزرا، ارکانِ پارلیمنٹ اور ملکی و غیر ملکی مہمان شریک ہوئے۔ شادی کی تقریب سخت سیکیورٹی انتظامات کے تحت منعقد کی گئی۔
جنید صفدر کا نکاح چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب نعیمی نے پڑھایا۔ نکاح کی تقریب میں قریبی عزیز و اقارب اور منتخب مہمانوں نے شرکت کی، جب کہ نکاح کے بعد دعائیہ تقریب بھی منعقد ہوئی۔
جنید صفدر کی شادی شانزے علی روحیل سے ہوئی ہے، جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر کی پوتی ہیں۔ اس رشتے کے ذریعے دونوں سیاسی خاندان باہمی طور پر رشتۂ ازدواج میں منسلک ہو گئے ہیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق شادی کی تقریبات کا آغاز گزشتہ شب جاتی امرا میں مہندی کی تقریب سے ہوا تھا، جس میں اہل خانہ اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔ جنید صفدر کا ولیمہ کل جاتی امرا میں منعقد کیا جائے گا، جس میں سیاسی قیادت اور معزز مہمانوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے جنید صفدر اور شانزے علی روحیل کے لیے نیک تمناؤں اور مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ شادی کی تقریبات کی تصاویر اور ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔