شرجیل میمن کا دیگر صوبوں سے سندھ جیسی کارکردگی دکھانے کا مطالبہ، صحت، توانائی اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ

سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ جس طرح سندھ حکومت نے مختلف شعبوں میں عملی کارکردگی دکھائی ہے، دیگر صوبوں کو بھی اسی مثال پر عمل کرنا چاہیے، تاہم بدقسمتی سے ملکی سیاست کا معیار ایک دوسرے پر تنقید تک محدود ہو کر رہ گیا ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں تاریخی اقدامات کر رہی ہے اور سائبر نائف جیسے جدید اور مہنگے علاج کی سہولت عوام کو بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں صرف 11 ممالک میں سائبر نائف کے ذریعے علاج ممکن ہے اور عالمی سطح پر اس علاج پر لاکھوں ڈالر خرچ آتے ہیں، جبکہ سندھ حکومت یہ سہولت بلا معاوضہ دے رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں گزشتہ برس 29 لاکھ افراد کا مفت علاج کیا گیا، جبکہ این آئی سی وی ڈی میں دل کے امراض کے علاج کے لیے آنے والے مریضوں میں سندھ کے علاوہ دیگر صوبوں کے مریضوں کی شرح 56 فیصد ہے، جو اس ادارے پر پورے ملک کے اعتماد کا ثبوت ہے۔

شرجیل میمن نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے، تاہم حکومت بحالی کے عمل میں تیزی سے کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ زیر عمل ہے اور کروڑوں افراد کو مفت گھر فراہم کیے جا رہے ہیں، جو کم وقت میں ایک بڑا ریکارڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے مینگروز کے درخت بڑے پیمانے پر لگائے گئے اور اس کارکردگی پر سندھ حکومت نے دو مرتبہ گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی قائم کیا۔

توانائی کے شعبے پر بات کرتے ہوئے سینئر وزیر نے بتایا کہ سندھ حکومت تھر کے انفرااسٹرکچر پر ایک ارب ڈالر خرچ کر چکی ہے۔ تھر کے کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی پورے ملک کو فراہم کی جا رہی ہے اور ماہرین کے مطابق کوئلے سے بننے والی بجلی ملک میں سب سے سستی ہے، جبکہ تھر میں کوئلے کے دنیا کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ بزنس کمیونٹی سندھ حکومت کے ساتھ شراکت داری کے تحت کام کر رہی ہے۔ شاہراہ بھٹو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے ایک جدید اور اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں سرمایہ کار آ رہے ہیں اور سرمایہ کاری کا عمل جاری ہے، تاہم منفی سوچ کے ساتھ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ 2024 میں وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے سندھ وژن پیش کیا گیا، جس کا مقصد ترقی، سرمایہ کاری اور مواقع کو اجاگر کرنا ہے۔ ان کے مطابق سندھ حکومت چاہتی ہے کہ پوری دنیا کو معلوم ہو کہ پاکستان میں بے پناہ مواقع موجود ہیں اور درست پالیسیوں کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے

Related posts

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا دوٹوک مؤقف، افواجِ پاکستان اور عدلیہ کے خلاف بات کی اجازت نہیں ہوگی

جنید صفدر رشتۂ ازدواج میں منسلک، شریف خاندان کی شادی کی تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت

وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے نوٹ ختم کرنے پر فیصلہ کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی