کراچی: گل پلازہ آتشزدگی، 16 افراد تاحال لاپتا، اہلخانہ کی اسپتالوں میں تلاش جاری

کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں گزشتہ رات لگنے والی ہولناک آگ کے بعد صورتحال مزید تشویشناک ہو گئی ہے، جہاں متعدد افراد کے تاحال لاپتا ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق لاپتا افراد کے اہلخانہ شدید اضطراب میں مختلف اسپتالوں اور ریسکیو مراکز کے چکر لگا رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے مطابق گل پلازہ آتشزدگی کے بعد اب تک 16 لاپتا افراد کے اہلخانہ انتظامیہ سے رابطہ کر چکے ہیں۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ رات گئے تک ان کا اپنے پیاروں سے فون پر رابطہ تھا، تاہم آگ لگنے کے بعد ان کے موبائل فون بند ہو گئے ہیں، جس سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

سول اسپتال کراچی کے برنس سینٹر کے باہر بھی متاثرہ افراد کے اہلخانہ کی بڑی تعداد موجود ہے، جو اپنے عزیزوں کی خیریت جاننے کے لیے بے چین دکھائی دی۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ کئی افراد اب بھی جلتی عمارت کے اندر پھنسے ہو سکتے ہیں، کیونکہ آگ کے دوران مکمل انخلا ممکن نہیں ہو سکا تھا۔

یاد رہے کہ ہفتے کی رات تقریباً سوا 10 بجے گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر آگ بھڑکی، جو دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پھیل گئی۔ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا، جبکہ شدید آگ کے باعث عمارت کے بعض حصے بھی گر گئے، جس سے ریسکیو آپریشن مزید مشکل ہو گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ 20 افراد زخمی ہوئے جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں سے چار افراد کی شناخت فراز، کاشف، عامر اور شہروز کے نام سے ہو چکی ہے، جبکہ حکام کے مطابق فرقان نامی فائر فائٹر کی لاش بھی ٹراما سینٹر منتقل کی گئی ہے، جس سے ریسکیو اہلکاروں میں غم و غصے کی فضا پائی جاتی ہے۔

ریسکیو ادارے اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں اب بھی موقع پر موجود ہیں اور تلاش و امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم عمارت کے کمزور ڈھانچے اور شدید تپش کے باعث کام میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد کے حوالے سے تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں اور جیسے ہی مزید معلومات سامنے آئیں گی، اہلخانہ کو آگاہ کیا جائے گا۔

Related posts

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازہ آتشزدگی کا نوٹس لے لیا، فوری انکوائری اور فائر سیفٹی آڈٹ کی ہدایت

کراچی: گل پلازہ آتشزدگی، چھت پر اے سی پلانٹس، ہیوی جنریٹرز اور گاڑیوں کی موجودگی نے خطرات بڑھا دیے

کراچی: گل پلازہ آتشزدگی، عوامی سہولت کے لیے ہیلپ لائنز قائم، گمشدہ افراد کی معلومات فراہم کرنے کی اپیل