گل پلازہ آتشزدگی: کئی دکان دار لاپتا، عارف کی آخری کال ’’میرا دم گھٹ رہا ہے‘‘

کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع تجارتی عمارت گل پلازہ میں تیسرے درجے کی شدید آگ کے بعد کئی دکان داروں کے لاپتا ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔ لاپتا افراد میں فرسٹ فلور پر کام کرنے والے دکان دار عارف بھی شامل ہیں، جن کی آخری کال نے اہلِ خانہ کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق عارف، جو دو بچوں کے والد ہیں، آتشزدگی کے بعد سے لاپتا ہیں۔ عارف کے اہلِ خانہ اور رشتہ دار گزشتہ کئی گھنٹوں سے عمارت کے باہر اور مختلف اسپتالوں میں ان کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔

عارف کے چچا نے بتایا کہ رات ساڑھے دس بجے کے بعد عارف کی آخری کال آئی تھی، جس میں اس نے بے بسی سے کہا ’’مجھے بچاؤ، میرا دم گھٹ رہا ہے‘‘۔ چچا کے مطابق اس کے فوراً بعد موبائل ہاتھ سے گرنے کی آواز آئی اور پھر رابطہ منقطع ہو گیا۔

عارف کے کزن کا کہنا ہے کہ ’’میری پھوپھی کا بیٹا عارف فرسٹ فلور پر کام کر رہا تھا، اس نے کال کر کے بتایا کہ وہ آگ سے لڑنے کی کوشش کر رہا ہے، مگر اس کے بعد اس سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا، فجر کے وقت اس کا موبائل بھی بند ہو گیا۔‘‘

واضح رہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ کو 13 گھنٹے گزرنے کے باوجود مکمل طور پر بجھایا نہیں جا سکا۔ ریسکیو حکام کے مطابق بھگدڑ اور دم گھٹنے کے باعث اب تک 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے جو امدادی کارروائی کے دوران عمارت کا حصہ گرنے سے ملبے تلے دب گیا۔

آتشزدگی کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ 11 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں اب بھی متعدد افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

فائر بریگیڈ نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا ہے۔ آگ پر قابو پانے کے لیے 20 فائر ٹینڈرز، ایک واٹر باؤزر اور 2 اسنارکلز آپریشن میں مصروف ہیں۔ شدید آگ کے باعث گل پلازہ کا گراؤنڈ فلور مکمل طور پر جل چکا ہے جبکہ عمارت کے تین عقبی حصے منہدم ہو گئے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق گل پلازہ میں تقریباً 1200 دکانیں قائم ہیں، جبکہ عمارت کی چھت پر گاڑیاں اور جنریٹرز بھی موجود تھے، جس کے باعث آگ کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔ متاثرہ دکان دار اور اہلِ خانہ حکومت اور متعلقہ اداروں سے فوری اور مؤثر ریسکیو آپریشن کی اپیل کر رہے ہیں۔

Related posts

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازہ آتشزدگی کا نوٹس لے لیا، فوری انکوائری اور فائر سیفٹی آڈٹ کی ہدایت

کراچی: گل پلازہ آتشزدگی، چھت پر اے سی پلانٹس، ہیوی جنریٹرز اور گاڑیوں کی موجودگی نے خطرات بڑھا دیے

کراچی: گل پلازہ آتشزدگی، عوامی سہولت کے لیے ہیلپ لائنز قائم، گمشدہ افراد کی معلومات فراہم کرنے کی اپیل