وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں متعارف کرائی گئی الیکٹرک بسیں سرد موسم میں عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، جن کے ذریعے شہریوں کو آرام دہ، محفوظ اور سستی سفری سہولت میسر آ رہی ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پنجاب کے دور دراز اضلاع میں بھی عوام جدید اور لگژری سفری سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں، جو ماضی میں صرف بڑے شہروں تک محدود تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج پنجاب کا عام آدمی اس سہولت پر وزیراعلیٰ مریم نواز کے لیے دعائیں دے رہا ہے کیونکہ یہ منصوبہ براہِ راست عوامی ریلیف سے جڑا ہوا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کا ہر منصوبہ عام آدمی کی زندگی کو آسان بنانے اور اسے حقیقی سہولت فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی عوامی فلاح کو اولین ترجیح بنایا، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے ماضی کی حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ قریب ترین ماضی میں پنجاب کے عوام کو بزدار اور گوگی جیسے عناصر نے صرف وعدوں اور نعروں کے ذریعے گمراہ کیا، جبکہ عملی طور پر کوئی ٹھوس ترقیاتی کام نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ایک بار پھر عوام کی نمائندہ حکومت برسرِ اقتدار آئی ہے تو ساتھ ہی ترقی اور خوشحالی کا سفر بھی دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پنجاب کے ہر ضلع میں بلاامتیاز یکساں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، تاکہ کسی بھی علاقے کو نظرانداز نہ کیا جائے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا منشور ملک کی ترقی، استحکام اور عوام کی خوشحالی پر مبنی ہے، اور موجودہ حکومت اسی منشور پر عمل پیرا ہے۔
سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو لوگ کبھی اسٹریٹ موومنٹ چلانے کے دعوے کرتے تھے، آج وہ اپنی کرسی کے تحفظ کی فکر میں مبتلا ہیں۔ ان کے مطابق صرف فلمی ڈائیلاگ بولنے اور ہوا میں تیر چلانے سے کوئی تحریک کامیاب نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کا مستقل رہائشی اب شدید فرسٹریشن کا شکار ہو چکا ہے اور اس کی انتشار کی سیاست کے باعث اس کے اپنے ساتھی بھی اس کا ساتھ چھوڑتے جا رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عوام اب کارکردگی اور ریلیف کی سیاست کو ترجیح دیتے ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب میں حکومت کے اقدامات کو بھرپور عوامی پذیرائی مل رہی ہے۔