صنعتوں کے لیے بجلی سستی کرنے کا اعلان، وزیراعظم شہباز شریف نے 4 روپے 40 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی

اسلام آباد میں ملک کے نمایاں ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کا کردار کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم نے گزشتہ برسوں میں سخت معاشی قربانیاں دی ہیں، خاص طور پر غریب طبقے نے مشکلات برداشت کیں، اب وقت آ گیا ہے کہ معیشت کو گروتھ کی راہ پر ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی تجاویز کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا اور معاشی پالیسیاں تاجر برادری سے مشاورت کے بعد تشکیل دی جائیں گی۔

انہوں نے سیاسی اور عسکری قیادت کے باہمی تعاون کو ملکی ترقی کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسی ہم آہنگی کے باعث ملک میں استحکام اور ترقی کے دروازے کھل رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے میں سفارتی اور دفاعی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، معرکہ حق میں فتح کے بعد پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص مزید مضبوط ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی دوروں کے دوران انہوں نے بین الاقوامی رویوں میں واضح تبدیلی محسوس کی، اب دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ایوارڈ یافتہ کاروباری شخصیات کو بلیو پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت سرمایہ کاری کے لیے خود رابطے کر رہے ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پورے عمل کو شفاف انداز میں انجام دیا گیا، جسے سب نے دیکھا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی نجکاری کا ہر عمل شفافیت کے اصولوں کے مطابق ہوگا، جبکہ اصلاحات کے ذریعے اربوں روپے کے غیر ضروری اخراجات میں کمی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ براہ راست ٹیکسز میں کمی فوری ہونی چاہیے، جبکہ ان ڈائریکٹ ٹیکسز کی وصولی اور منتقلی کا نظام مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ڈیجیٹل شعبے میں بھی اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی ایئرلائن پی آئی اے کی بحالی اور ترقی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی اور پی آئی اے جلد اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گی۔

آخر میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل کے خصوصی تعاون سے کئی اہم قومی معاملات حل ہوئے ہیں، پاکستان کو اس قدر مضبوط بنایا جائے گا کہ دشمن طاقتیں دباؤ برداشت نہیں کر سکیں گی۔

Related posts

بسنت کی رونقیں عروج پر: لاہور میں 54 کروڑ سے زائد کی ڈور اور گڈی فروخت، پشاور کے یکہ توت بازار میں پتنگ سازی کا کاروبار تیز

لاہور میں بسنت کی رنگا رنگ تیاریاں عروج پر، 6 تا 8 فروری میلہ سجے گا — کھانوں، ہوٹلوں اور سیاحت کا کاروبار چمک اٹھا

خیبر کے علاقے باڑہ میں فائرنگ سے قتل کیے گئے چار افراد کی لاشیں برآمد، تحقیقات شروع