بھاٹی گیٹ واقعہ: وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، سعدیہ کے شوہر پر مبینہ تشدد کی تحقیقات کا آغاز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھاٹی گیٹ کے علاقے میں مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والی خاتون سعدیہ کے شوہر غلام مرتضیٰ پر مبینہ پولیس تشدد کے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق غلام مرتضیٰ پر مبینہ تشدد کی نوعیت اور شدت کا تعین کرنے کے لیے اس کا میڈیکل کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہری کا میڈیکل پولیس کی نگرانی میں شور کوٹ کے مقامی اسپتال میں کرایا جائے گا تاکہ میڈیکل رپورٹ کو شفاف اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد واقعے میں ملوث پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج کیے جانے کا قوی امکان موجود ہے۔ تحقیقات میں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ آیا شہری کو حراست کے دوران جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا یا نہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق غلام مرتضیٰ نے الزام عائد کیا ہے کہ ایس پی سٹی اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او نے اس پر تشدد کیا اور اسے اپنی اہلیہ کے قتل کا اعتراف کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا رہا۔ شہری کے مطابق اس پر اعترافِ جرم کے لیے نفسیاتی اور جسمانی دباؤ ڈالا گیا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کو نہایت سنگین قرار دیتے ہوئے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا اور اگر تشدد ثابت ہوا تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یاد رہے کہ سعدیہ بھاٹی گیٹ کے علاقے میں کھلے مین ہول میں گرنے کے باعث جاں بحق ہوئی تھیں، جس کے بعد واقعے نے شہریوں میں شدید غم و غصے کو جنم دیا تھا۔ اب اس واقعے کے بعد سامنے آنے والے تشدد کے الزامات نے پولیس کی کارروائیوں پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

Related posts

وفاقی حکومت نے عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کر دیا

حج پروازوں کی معطلی کی خبریں بے بنیاد قرار، انتظامات شیڈول کے مطابق جاری ہیں: وزارت مذہبی امور

پاکستان پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے اے ڈی بی سے 50 کروڑ ڈالر قرض لینے کا منصوبہ