عمران خان کو لاحق آنکھوں کی بیماری کیا ہے؟ ماہرین نے سینٹرل ریٹینل وین آکلوژن کو سنگین مسئلہ قرار دے دیا

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی آنکھوں کی صحت سے متعلق خدشات سامنے آنے کے بعد ان کی بیماری پر بحث تیز ہو گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ ماہ دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کی دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین آکلوژن نامی بیماری لاحق ہو گئی ہے، جس کے باعث ان کی آنکھ کی رگوں میں خطرناک رکاوٹ پیدا ہو چکی ہے۔

پارٹی کے مطابق ڈاکٹروں نے اس طبی مسئلے کو انتہائی حساس قرار دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں مستقل بینائی متاثر ہونے کا خطرہ موجود ہے۔

پمز ہسپتال کی تصدیق

اس دعوے کے کچھ روز بعد اسلام آباد کے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال نے بھی عمران خان کو دائیں آنکھ کی کمزور بینائی کی شکایت پر طبی علاج فراہم کرنے کی تصدیق کی تھی۔
پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانا عمران سکندر نے ایک ویڈیو بیان میں بتایا کہ عمران خان نے بینائی کمزور ہونے کی شکایت کی، جس کے بعد معائنے میں ان کی دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین آکلوژن کی تشخیص ہوئی۔

سینٹرل ریٹینل وین آکلوژن کیا ہے؟

برطانیہ کے قومی ادارہ صحت (این ایچ ایس) کے مطابق ریٹینل وین آکلوژن آنکھ کے پردۂ چشم کی نس میں رکاوٹ پیدا ہونے کی حالت ہے، جس کے باعث خون کا لوتھڑا بن سکتا ہے اور آنکھ کے اندرونی حصے میں خون یا دیگر مائع جمع ہو سکتے ہیں۔

آنکھ کے کالے حصے کے پیچھے موجود باریک تہہ کو ریٹینا کہا جاتا ہے جو روشنی کو محسوس کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ جب اس کی نس بند ہو جائے تو سوجن، زخم یا آکسیجن کی کمی پیدا ہو سکتی ہے، جس سے بینائی متاثر ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق ریٹینل وین آکلوژن کی دو اقسام ہوتی ہیں، جن میں سینٹرل ریٹینل وین آکلوژن زیادہ سنگین سمجھی جاتی ہے کیونکہ اس میں مرکزی نس متاثر ہوتی ہے اور بینائی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

کن افراد میں خطرہ زیادہ ہوتا ہے؟

این ایچ ایس کے مطابق یہ بیماری عام طور پر بڑی عمر کے افراد میں دیکھی جاتی ہے جبکہ 60 سال سے کم عمر افراد میں نسبتاً کم پائی جاتی ہے۔ اس کی ممکنہ وجوہات میں ہائی بلڈ پریشر، ہائی کولیسٹرول، ذیابیطس، گلاکوما، سگریٹ نوشی اور خون کی بعض نایاب بیماریاں شامل ہیں۔

ماہرین کی رائے

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیماری کی جلد تشخیص اور بروقت علاج انتہائی ضروری ہے تاکہ مستقل بینائی کے نقصان سے بچا جا سکے۔ آنکھوں کی اچانک دھندلی نظر، سیاہ دھبے یا نظر میں کمی جیسی علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی معائنہ کرانا چاہیے۔

Related posts

سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ رہائش گاہ پر گر کر زخمی، سی ایم ایچ میں زیر علاج

سپریم کورٹ کا عمران خان کو ماہر آنکھوں کے ڈاکٹرز تک رسائی اور بچوں سے ٹیلیفونک رابطے کی سہولت دینے کا حکم

سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ گھر میں گر کر زخمی، اسپتال میں زیر علاج