لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کے کچے کے علاقوں میں جاری بڑے آپریشن کے نتیجے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور راجن پور اور رحیم یار خان کے جزیرہ نما علاقوں کو ڈاکوؤں سے بڑی حد تک پاک کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متعدد جرائم پیشہ عناصر نے ریاست کے سامنے ہتھیار ڈال دیے جبکہ علاقے میں امن کی بحالی کے بعد وسیع ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں کچہ آپریشن اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ چھ ہفتوں پر مشتمل آپریشن کے دوران راجن پور سے 42 اور رحیم یار خان سے تقریباً 200 سے زائد ڈاکوؤں نے سرنڈر کیا، جبکہ مجموعی طور پر پانچ سو سے زائد جرائم پیشہ افراد نے ریاست کے سامنے ہتھیار ڈالے جن میں ہائی پروفائل گینگ لیڈر بھی شامل تھے۔
انہوں نے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے پاک فوج، پاکستان رینجرز، پنجاب پولیس، سندھ پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر اداروں کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی، ڈرون سرویلنس، نائٹ ویژن کیمروں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی بدولت بغیر بڑے جانی نقصان کے کامیابی حاصل ہوئی۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ آپریشن کے دوران راکٹ لانچر، مشین گنز، ہینڈ گرنیڈز اور بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا جبکہ ڈاکوؤں اور سہولت کاروں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کچہ کے علاقے ریاست کے لیے نوگو ایریا بن چکے تھے، تاہم اب ریاست کی رٹ بحال ہو چکی ہے اور علاقے کو مستقل طور پر پرامن رکھنے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 45 دن سے کچے کے علاقوں میں اغواء برائے تاوان اور ہنی ٹریپ جیسے جرائم کی کوئی بڑی کارروائی رپورٹ نہیں ہوئی۔ آپریشن کے دوران 1700 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے، جنہیں بلٹ پروف گاڑیاں، جیکٹس، جدید ہتھیار اور دیگر حفاظتی سازوسامان فراہم کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کچہ ایریا ڈویلپمنٹ کے لیے بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ علاقوں میں نئے سکول، کالج، ہسپتال اور ٹیوٹا کے فنی تربیتی ادارے قائم کیے جائیں گے۔ بہتر ٹرانسپورٹ کے لیے گرین بس سروس متعارف کرائی جائے گی جبکہ سڑکوں کی تعمیر اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” منصوبے کے تحت زرعی اراضی اور کسان کارڈ دینے کا بھی اعلان کیا تاکہ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع مل سکیں۔
اجلاس میں کچہ ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے تین رکنی اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کی گئی جس کی سربراہی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کریں گی جبکہ ہوم سیکرٹری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ بھی اس میں شامل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کچے کے علاقوں میں تعینات ڈاکٹرز، اساتذہ اور دیگر ملازمین کو خصوصی الاؤنس اور مراعات دی جائیں گی تاکہ عوام کو بہتر صحت، تعلیم اور روزگار کی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کچے کے عوام کو بھی وہی ترقیاتی سہولتیں دی جائیں گی جو پنجاب کے دیگر علاقوں کو حاصل ہیں اور جلد یہ علاقے مکمل طور پر ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔