اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مستحق افراد کیلئے 38 ارب روپے کے بڑے رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا، جس کے تحت ملک بھر میں مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے دوران رمضان ریلیف پیکج کا باضابطہ اجرا کیا گیا، جہاں سیکرٹری بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے وزیراعظم کو پیکج کی تفصیلات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال مستحق خاندانوں کو فی کس 13 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے، جبکہ گزشتہ سال رمضان پیکج کے تحت مستحقین کو 5 ہزار روپے دیے گئے تھے۔
حکام کے مطابق رمضان ریلیف پیکج کا مجموعی حجم 38 ارب روپے رکھا گیا ہے اور اس کا مقصد معاشی مشکلات کا شکار کم آمدنی والے افراد کو باعزت طریقے سے مالی سہارا فراہم کرنا ہے۔ مستحق افراد کو رقم براہ راست قومی بینکوں کے ذریعے منتقل کی جائے گی تاکہ شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزرا پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی رمضان پیکج کے تمام مراحل کی نگرانی کرے گی، جبکہ وزیراعظم خود بھی اس پورے نظام کی براہ راست نگرانی کریں گے تاکہ کسی قسم کی بے ضابطگی یا تاخیر نہ ہو۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ سال رمضان المبارک کے دوران ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مستحقین کو امدادی رقم فراہم کی گئی تھی، جس کیلئے 20 ارب روپے مختص کیے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیکج کا حجم بڑھا کر 38 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مستحق افراد کو شفاف اور جدید نظام کے تحت امدادی رقم فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ رمضان المبارک کے دوران ضرورت مند خاندانوں کو بروقت اور باعزت طریقے سے مالی مدد پہنچائی جائے تاکہ وہ مہنگائی کے بوجھ سے کچھ حد تک ریلیف حاصل کر سکیں۔
حکام کے مطابق رمضان ریلیف پیکج کی تقسیم جلد شروع کی جائے گی اور مستحق خاندانوں کو مقررہ طریقہ کار کے تحت رقم فراہم کی جائے گی، جبکہ اس حوالے سے مزید تفصیلات بھی جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔