اسلام آباد/بحرین: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت سے متعلق معاملات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاج ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور عمران خان کو بھی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔
دورۂ بحرین کے دوران میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں شاہد آفریدی سے عمران خان کی صحت کے حوالے سے جاری خبروں پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کی صحت کو سیاست سے بالاتر ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان یا ان کی فیملی جہاں مناسب سمجھیں وہاں ان کا علاج ہونا چاہیے، کیونکہ ہر انسان کو بہتر علاج کی سہولت ملنا اس کا بنیادی حق ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے بھی عمران خان کی صحت کے معاملے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت کا سب سے بڑا مطالبہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ہے۔ قومی اسمبلی کے باہر عمران خان کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دیے گئے احتجاجی دھرنے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق عمران خان کی بینائی 80 فیصد سے زائد متاثر ہو چکی ہے۔
محمود اچکزئی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری طور پر ان کی مرضی کے کسی بھی اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ انہیں مکمل اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی بنیادوں پر صحت کے معاملے کو ترجیح دینا ضروری ہے۔
سیاسی حلقوں اور عوامی سطح پر بھی عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ مختلف رہنما اس معاملے پر اپنے اپنے مؤقف کا اظہار کر رہے ہیں۔ دوسری جانب حکومتی اور قانونی حلقوں کی جانب سے تاحال عمران خان کی صحت اور علاج سے متعلق حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، تاہم اس معاملے پر پیش رفت کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔