پنجاب میں نکاسی آب، صاف پانی اور دیہی ترقی کیلئے بڑے منصوبوں کا اعلان، 358 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک تعمیر کیے جائیں گے

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں نکاسی آب، صاف پانی، سیوریج اور دیہی ترقی کے مسائل کے مستقل حل کیلئے بڑے پیمانے پر ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ ان منصوبوں کے تحت پنجاب میں جدید انفراسٹرکچر قائم کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو درپیش دیرینہ مسائل کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی ویڈیو لنک اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، صاف پانی اسکیم اور مثالی گاؤں پراجیکٹ پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ انہوں نے پراجیکٹس کا پکٹوریل وزٹ بھی کیا۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ بارش کے پانی کے مؤثر انتظام، نکاسی آب اور زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانے کیلئے 358 انڈر گراؤنڈ اسٹوریج ٹینک تعمیر کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کا مقصد بارش کے پانی کو محفوظ کرنا اور شہروں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔

حکام کے مطابق مون سون سے قبل نکاسی آب کے اہم منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے وزیراعلیٰ نے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ مختلف شہروں میں بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کیلئے 34 بڑے انڈر گراؤنڈ اسٹوریج واٹر ٹینک بھی بنائے جائیں گے جبکہ ان کے ساتھ ری چارج ویلز بھی تعمیر کیے جائیں گے تاکہ زیر زمین پانی کی سطح میں بہتری لائی جا سکے۔

پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت صوبے کے مختلف علاقوں میں تقریباً 6 ہزار 100 کلومیٹر طویل سڑکوں اور سیوریج کا نظام تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے 61 ڈسپوزل اسٹیشنز کی بحالی اور 56 نئے ڈسپوزل اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

اسی طرح صوبے بھر میں 328 ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جن کے ذریعے گندے پانی کو صاف کر کے آبپاشی کیلئے استعمال کے قابل بنایا جائے گا۔ منصوبے کے تحت گندے پانی کے تالابوں اور جوہڑوں کی صفائی بھی کی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں 3 ہزار 498 کلومیٹر طویل سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی جبکہ شہری علاقوں میں 14 ہزار 679 مقامات پر نئی اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔ اسی طرح گلیوں اور راستوں کو بہتر بنانے کیلئے 33 ملین مربع فٹ رقبے پر ٹف ٹائلز بچھائی جائیں گی۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے 526 جدید مشینری اور ٹریکٹر بھی فراہم کیے جائیں گے جبکہ پنجاب رورل سینیٹیشن امپروومنٹ پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں جدید ڈرینج سسٹم بنایا جائے گا۔

مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت ابتدائی مرحلے میں پنجاب کے 200 دیہات میں ترقیاتی کام شروع کیے جا رہے ہیں جبکہ مجموعی طور پر 485 دیہات میں تقریباً 59 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں میں پختہ گلیاں، ڈرینج سسٹم اور صاف پانی کی فراہمی شامل ہے۔

اس کے علاوہ پوٹھوہار کے علاقے میں چھوٹے ڈیمز کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس کی فعالیت یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ پنجاب میں سو سال تک کارآمد رہنے والی سیوریج پائپ لائن بنانے کی فیکٹری لاہور میں نصب کر دی گئی ہے اور جلد اس کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ گجرات اور سیالکوٹ میں جاری ڈرینج پراجیکٹس کو جلد مکمل کیا جائے جبکہ دیہی علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر پختہ گلیاں تعمیر کی جائیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ گزشتہ 70 سے 80 سال کے دوران جو کام نہیں ہو سکے، وہ اب پنجاب میں کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ پانچ سالوں میں پنجاب ایک جدید، صاف ستھرا اور خوبصورت صوبہ بن کر سامنے آئے گا۔

Related posts

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، پیٹرول اور ڈیزل 55 روپے فی لیٹر مہنگے

کراچی: امریکی قونصل خانے کے باہر ہنگامہ آرائی کی تحقیقات شروع، اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

آبنائے ہرمز کی صورتحال: توانائی بچت کے منصوبے اور پٹرولیم قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل کی تجویز