پنجاب حکومت صوبے کے ہر شہر، قصبے اور گاؤں میں یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے,عظمی بخاری

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبے کے ہر شہر، قصبے اور گاؤں میں یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے اور اسی مقصد کے تحت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 517 ارب روپے کی لاگت سے 67 سے زائد شہروں میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ وہاں کے شہریوں کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ڈی جی پی آر میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی گورننس کا ماڈل صرف چند بڑے شہروں یا چند سڑکوں تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد پورے پنجاب میں یکساں ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا وژن ہے کہ ترقی ہر شہر، ہر قصبے اور ہر گاؤں تک پہنچے اور اسی سوچ کے تحت دیہات کو مثالی دیہات میں تبدیل کرنے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف شہروں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے بڑے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت 6 ہزار کلومیٹر سے زائد سیوریج لائنیں بچھائی جائیں گی جبکہ 189 کلومیٹر واٹر ڈرینز تعمیر کیے جائیں گے۔ اسی طرح 83 ڈسپوزل اسٹیشنز اور 9 انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینکس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ای ٹینڈرنگ سسٹم متعارف کروایا گیا جس کے نتیجے میں حکومت کو 13 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن سے قبل ممکنہ مسائل کے حل کیلئے ہاؤسنگ، واسا اور لوکل گورنمنٹ کے ادارے متحرک ہیں جبکہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پی ڈی ایم اے کی ازسرنو تنظیم نو بھی کی جا رہی ہے۔

رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نگہبان رمضان پروگرام کے تحت اب تک 25 لاکھ 3 ہزار 897 کارڈز تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ 21 لاکھ سے زائد افراد ان کارڈز کے ذریعے امدادی رقم حاصل کر چکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ یکم رمضان سے یکم مارچ تک صوبہ بھر میں 422 مقامات پر سرکاری سطح پر افطار کا اہتمام کیا گیا جہاں ہزاروں افراد مستفید ہوئے۔ اسی طرح عوام کو سستی اشیائے خورونوش فراہم کرنے کیلئے رمضان نگہبان بازاروں میں 1763 اسٹالز قائم کیے گئے ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ عالمی حالات خصوصاً امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جس کا اثر پاکستان پر بھی پڑا۔ تاہم حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے پیٹرولیم لیوی کم کی ہے اور حالات بہتر ہوتے ہی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی مہنگائی کی کسی بھی کوشش کے خلاف پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) سخت کارروائی کرے گی اور کسی کو بھی عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یومِ علیؓ، مساجد، امام بارگاہوں، اعتکاف اور تراویح کے اجتماعات کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ عید کی خریداری کے دوران بازاروں میں خواتین اسکواڈ بھی تعینات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب کے شہروں میں اربن فلڈنگ کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کیلئے سڑکوں کے اطراف 380 واٹر اسٹوریج ٹینکس تعمیر کیے جائیں گے تاکہ بارش کا پانی ضائع ہونے کے بجائے ذخیرہ کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ سیوریج کے نظام کیلئے ایچ ڈی پی (HDP) پائپس استعمال کیے جا رہے ہیں جو تقریباً 100 سال تک مؤثر رہنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ صوبے کے مختلف شہروں میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس بھی قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ سیوریج کے پانی کو صاف کر کے دوبارہ قابل استعمال بنائی جاسکے۔

Related posts

پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ملک کی سیاسی و عسکری قیادت قومی سلامتی اور خطے میں امن کے قیام کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے,عطاءاللہ تارڑ

پنجاب میں نکاسی آب، صاف پانی اور دیہی ترقی کیلئے بڑے منصوبوں کا اعلان، 358 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک تعمیر کیے جائیں گے

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، پیٹرول اور ڈیزل 55 روپے فی لیٹر مہنگے