سندھ میں ہر گاڑی کے لیے تھرڈ پارٹی انشورنس لازمی قرار

کراچی: حکومت سندھ نے صوبے میں رجسٹرڈ تمام گاڑیوں کے لیے تھرڈ پارٹی انشورنس لازمی قرار دے دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ٹریفک حادثات کے متاثرین کو مالی تحفظ فراہم کرنا اور روڈ سیفٹی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اب کسی بھی گاڑی کی رجسٹریشن اور ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی بغیر تھرڈ پارٹی انشورنس کے ممکن نہیں ہوگی۔ اس نئے قانون کے تحت اگر کسی ٹریفک حادثے میں کوئی شخص جاں بحق ہو جائے تو اس کے ورثا کو 7 لاکھ روپے جبکہ مستقل معذوری کی صورت میں متاثرہ شخص کو 5 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جائے گا۔

حکومت سندھ نے اس مقصد کے لیے گاڑیوں کے لیے “نو فالٹ کمپنسیشن سسٹم” بھی متعارف کرایا ہے، جس کے تحت حادثے کی صورت میں متاثرین کو فوری مالی امداد فراہم کی جا سکے گی، چاہے حادثے کی ذمہ داری کسی بھی فریق پر عائد ہو۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد پاکستان کا پہلا جدید ڈیجیٹل انشورنس مانیٹرنگ سسٹم بھی سندھ میں فعال کر دیا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے گاڑیوں کی انشورنس پالیسیوں کی آن لائن تصدیق ممکن ہوگی اور جعلی انشورنس کے امکانات کو ختم کیا جا سکے گا۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کرتے ہوئے نئی دفعہ شامل کر دی گئی ہے، جس کے بعد گاڑیوں کی ملکیت کی منتقلی کے لیے بھی مؤثر اور قابلِ تصدیق انشورنس پالیسی کا ہونا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے محکمہ ایکسائز کو ہدایت کی ہے کہ نئے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ روڈ سیفٹی کو بہتر بنانا اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

مراد علی شاہ کے مطابق تھرڈ پارٹی انشورنس کا یہ قانون ٹریفک حادثات سے متاثر ہونے والے غریب خاندانوں کے لیے ایک بڑا سہارا ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے تحت متاثرہ شہریوں کو فوری مالی ریلیف فراہم کیا جا سکے گا اور شفاف ڈیجیٹل نظام کے ذریعے جعلی انشورنس کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند ہو جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو اس نئے قانون کے فوائد سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد صرف ٹیکس وصولی نہیں بلکہ شہریوں کو بہتر خدمات اور تحفظ فراہم کرنا بھی ہے ۔

Related posts

پنجاب حکومت صوبے کے ہر شہر، قصبے اور گاؤں میں یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے,عظمی بخاری

پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ملک کی سیاسی و عسکری قیادت قومی سلامتی اور خطے میں امن کے قیام کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے,عطاءاللہ تارڑ

پنجاب میں نکاسی آب، صاف پانی اور دیہی ترقی کیلئے بڑے منصوبوں کا اعلان، 358 انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک تعمیر کیے جائیں گے