ایران میں تیل ذخائر پر حملوں کے بعد ماحولیاتی خدشات، پاکستان میں صورتحال کی مانیٹرنگ جاری

کراچی: ایران کے تیل ذخائر پر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مبینہ بمباری کے بعد ممکنہ ماحولیاتی اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں ایران کو سنگین ماحولیاتی مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے جبکہ تہران اور اس کے گردونواح میں ہونے والی مبینہ "بلیک تیزابی بارش” کو اسی صورتحال کی ایک علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس سیاہ تیزابی بارش کے کوئی اثرات تاحال ریکارڈ نہیں کیے گئے تاہم خطے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ ادارے کے مطابق جنگی حالات اور انٹرنیٹ کی بندش کے باعث ایران سے موسمیاتی ڈیٹا موصول ہونے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

حکام کے مطابق ایران کی موسمی صورتحال کو سیٹلائٹ کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ جغرافیائی لحاظ سے تہران پاکستان کے شمال مغرب میں واقع ہے، اس لیے اگر آلودگی کا پھیلاؤ زیادہ ہوا بھی تو اس کے اثرات زیادہ تر افغانستان تک محدود رہنے کا امکان ہے۔ ایران کا جنوبی حصہ بلوچستان کے قریب واقع ہے جس کے باعث بعض موسمی حالات میں آلودہ ذرات پاکستان کے مغربی علاقوں تک پہنچ سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کے ساتھ ایران سے آلودہ ذرات اور گیسیں پاکستان کے مغربی حصوں میں داخل ہو سکتی ہیں جس کے باعث ان علاقوں میں فضائی معیار متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے۔ تاہم موجودہ سیٹلائٹ مشاہدات کے مطابق تہران میں پیدا ہونے والی آلودگی کا پھیلاؤ فی الحال بڑے جغرافیائی علاقے تک نہیں پہنچا۔

ماہرین کے مطابق تیل کے ذخائر میں آگ اور کاربن کے زائد اخراج کے باعث فضا کی بالائی سطح پر درجہ حرارت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ درجہ حرارت میں یہ اضافہ ہوا میں نمی کو برقرار رکھنے کی صلاحیت بڑھا سکتا ہے جس کے نتیجے میں مستقبل میں خطے میں ہونے والی بارشوں کے پیٹرن پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔

ملک میں بارشوں کی پیشگوئی

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی بھی کی ہے۔ ادارے کے مطابق آج شام سے مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث بالائی علاقوں میں 9 سے 12 مارچ کے دوران ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

پیشگوئی کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں 9 سے 12 مارچ تک وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے جبکہ اسلام آباد، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں بھی 9 سے 11 مارچ کے دوران بادل برسنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں 3 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Related posts

علاقائی کشیدگی کے پیش نظر وزیراعظم کا اہم اجلاس آج طلب، قومی کفایت شعاری پالیسی کی منظوری متوقع

سندھ میں ہر گاڑی کے لیے تھرڈ پارٹی انشورنس لازمی قرار

پنجاب حکومت صوبے کے ہر شہر، قصبے اور گاؤں میں یکساں ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے,عظمی بخاری