سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، افغان سرزمین سے بھیجے گئے ڈرون حملے ناکام بنا دیے

راولپنڈی: پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے افغان سرزمین سے کیے گئے مبینہ ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن عناصر کی جانب سے بھیجے گئے ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق 13 مارچ کو افغان طالبان سے منسلک دہشتگرد عناصر نے پاکستان کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی اور ڈرونز کے ذریعے حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی۔ تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت نگرانی اور مؤثر دفاعی اقدامات کے باعث تمام ڈرونز کو راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا۔

فوجی ترجمان کے مطابق گرائے گئے ڈرونز کے ملبے کے باعث بعض مقامات پر شہری زخمی بھی ہوئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ میں تباہ ہونے والے ڈرون کے ملبے سے دو بچے زخمی ہوئے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک ایک شہری زخمی ہوا۔ زخمی افراد کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے اس حملے کو عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی ایک ناپاک کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر اس قسم کی کارروائیوں کے ذریعے پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز ہر قسم کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج بخوبی جانتے ہیں کہ افغانستان کی سرزمین پر موجود کرائے کی دہشتگرد ملیشیاؤں کے ذریعے ملک کو عدم استحکام کا شکار بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ فوجی ترجمان کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ افغان سرزمین سے ہونے والی دہشتگردی پاکستان کے لیے ناقابل برداشت اور ناقابل قبول ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشتگردی اور اس کی تمام شکلوں کے خلاف ثابت قدمی سے لڑ رہی ہیں اور اس مقصد کے لیے جاری آپریشن غضب للحق دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔

فوجی حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا اور کسی بھی قسم کی جارحیت یا دہشتگرد کارروائی کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Related posts

تیل کی عالمی قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ، حکومت پیٹرول مہنگا ہونے سے روکنے کے مختلف آپشنز پر غور کرنے لگی

امریکا کے جنگ ختم کرنے کے اعلان کے بعد عالمی معیشت میں مثبت ردعمل، تیل کی قیمتیں اور اسٹاک مارکیٹس میں تیزی

ایران میں تیل ذخائر پر حملوں کے بعد ماحولیاتی خدشات، پاکستان میں صورتحال کی مانیٹرنگ جاری