قائمہ کمیٹی برائے محکمہ داخلہ نے پنجاب ایسڈ کنٹرول بل 2025 کو بحث کے بعد منظور کر لیا.
رکن صوبائی اسمبلی اور چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی محترمہ حنا پرویز بٹ نے پیر، 14 اپریل 2025 کو دوپہر 2:30 بجے نیو اسمبلی بلڈنگ لاہور کے کمیٹی روم نمبر II میں منعقدہ قائمہ کمیٹی برائے محکمہ داخلہ کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد اہم قانون سازی پر حتمی بحث اور منظوری تھا، جس میں پنجاب ایسڈ کنٹرول بل 2025 (بل نمبر 15 آف 2025) بھی شامل تھا، جو کہ حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروایا گیا تھا۔ اس بل پر گذشتہ اجلاس میں ترامیم تجویز کی گئی تھیں۔ آج کے اجلاس میں ترمیم شدہ بل پر تفصیلی غور کے بعد کمیٹی نے باقاعدہ منظوری دے دی۔حنا پرویز بٹ نے کمیٹی کے مثبت تعاون اور رہنمائی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ تیزاب کی غیرقانونی فروخت اور اس کے تشدد میں استعمال کی روک تھام کے لیے مؤثر قانون سازی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے بل کو خواتین اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ اجلاس میں پروونشل موٹر وہیکلز (ترمیمی) بل 2025 (بل نمبر 25 آف 2025) پر بھی غور کیا گیا۔ حنا پرویز بٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی بااختیاری کے لیے مؤثر قانون سازی جاری رکھیں گی۔