لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت ختم کرنےکا اعلان

لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت ختم کر دی گئی، اس حوالے سے چیف ایگزیکٹیو افسر لاہور نے تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں یونیورسل ہیلتھ انشورنس بند کی جا رہی ہے،  تمام سرکاری اسپتال 30 جون تک اپنے بقایاجات کی تفصیلات جمع کروا دیں ، 30 جون کے بعد اسٹیٹ لائف انشورنس بقایاجات ادا نہیں کرے گا۔

مراسلے کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا اسپیشل انیشیٹیو  موجودہ پالیسی کے مطابق جاری رہے گا۔

ہیلتھ کارڈ کی سہولت ختم کرنے سے متعلق پنجاب ہیلتھ انسٹیٹیوٹ منیجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر  ڈاکٹر علی رزاق نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری اسپتالوں میں پہلے ہی مفت طبی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری اسپتالوں کے ڈاکٹر  ہیلتھ کارڈز کے ذریعے آپریشن کے پیسے نہیں لے سکتے۔

ڈاکٹر علی رزاق کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں میں ڈائیلیسز ، جگر کی پیوندکاری اور بچوں کے دل کے آپریشن جیسے اہم علاج بدستور جاری رہیں گے۔

انہوں نے مزید بتایاکہ ہیلتھ کارڈ اب صرف پرائیویٹ اسپتالوں میں استعمال کیا جا سکے گا جہاں مریضوں کو علاج کے لیے 50 فیصد رقم خود ادا کرنی ہوگی۔

Related posts

وفاقی حکومت نے عیدالفطر کی تعطیلات کا اعلان کر دیا

حج پروازوں کی معطلی کی خبریں بے بنیاد قرار، انتظامات شیڈول کے مطابق جاری ہیں: وزارت مذہبی امور

پاکستان پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے اے ڈی بی سے 50 کروڑ ڈالر قرض لینے کا منصوبہ