لاہور: پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) لاہور میں اُس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب میڈیکل ایریا کمپلیکس (MAC) یونٹ میں نصب اے سی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اسی یونٹ میں متعدد مریض وینٹی لیٹر پر تھے، جن کی جانیں بروقت کارروائی کے باعث بچ گئیں۔
واضح رہے کہ اس اے سی یونٹ کی چند روز قبل ہی ری مینٹیننس کی گئی تھی اور اسپتال کی مینٹیننس کے لیے ہر سال کروڑوں روپے کا بجٹ خرچ ہوتا ہے۔ اس کے باوجود شارٹ سرکٹ سے اچانک لگنے والی آگ نے سوال کھڑے کر دیے ہیں۔
حادثے میں ایک نرس اور ایک ڈاکٹر زخمی ہوئے، جبکہ وارڈ میں موجود قیمتی مشینری اور آلات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا، ورنہ یہ حادثہ کسی بڑے سانحے میں تبدیل ہو سکتا تھا۔
اسپتال انتظامیہ نے فوری انکوائری کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اسٹاف اور مینٹیننس کنٹریکٹرز سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کے حادثات اسپتالوں کے اندر موجود حفاظتی نظام کی خامیوں کو نمایاں کرتے ہیں، جن پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔