پنجاب حکومت کے دو وزرا کے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا نام بدلنے سے متعلق متضاد بیانات سامنے آگئے۔
وزیرِ صحت پنجاب سلمان رفیق نے کہا ہے کہ لاہور کے جناح اسپتال کے بورڈ آف گورنرز کی قرار داد پر اسپتال کا نام مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیک رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز نے چند ماہ پہلے یہ فیصلہ کیا تھا، جناح اسپتال سے ملحقہ کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کا نام پی آئی سی 2 تھا جبکہ کارڈیک انسٹی ٹیوٹ کی دستاویزات میں نام جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی تھا۔
دوسری جانب پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے تردید کی اور کہا کہ ’جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور‘ کا نام ’جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور‘ ہی ہے اور کسی قسم کی تبدیلی زیر غور نہیں۔
انہوں نے سرکاری دستاویز پوسٹ کرتے ہوئے مزید لکھاکہ پنجاب حکومت کے مالی سال 2025-26 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فنڈنگ ’ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی‘ کے نام سے ہی رکھی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ امراض قلب اور دیگر بیماریوں کے عالمی معیار کے جدید علاج کے لیے 14 نئے اسپتال نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں قائم کیے جائیں گے جس کی پلاننگ تکمیل کے قریب ہے۔