لاہور: پنجاب اسمبلی نے ارکان اسمبلی، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزراء کی تنخواہوں سے متعلق اہم ترمیمی بل منظور کرلیا ہے۔ اس بل کے تحت اب اراکین اسمبلی کو ایوان میں حاضری ہو یا نہ ہو، پوری تنخواہ ملے گی۔
بل کی منظوری سے قبل اگر کوئی رکن اسمبلی ایک ماہ تک چھٹی کرتا تو اس کی تنخواہ میں تقریباً 26 فیصد کٹوتی کی جاتی تھی، تاہم اب اس کٹوتی کو ختم کردیا گیا ہے۔
حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی اکثریت نے اس بل کی حمایت کی، جس کے بعد یہ باقاعدہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ اس فیصلے پر عوامی حلقوں میں ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں عوامی سطح پر اراکین اسمبلی کی کارکردگی اور حاضری کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ اس ترمیم کے بعد امکان ہے کہ اسمبلی اجلاسوں میں حاضری مزید متاثر ہوسکتی ہے۔