یروشلم: اسرائیل نے تصدیق کی ہے کہ ریڈ کراس کے ذریعے اسے اپنے مغویوں کی لاشیں موصول ہوئی ہیں، جنہیں بعد ازاں اسرائیلی فوج اور انٹیلی جنس ادارے شن بیٹ کے حوالے کر دیا گیا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق لاشوں کو شناخت کے لیے اسرائیل کے نیشنل فرانزک انسٹی ٹیوٹ منتقل کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ:
“ہمارے مغویوں کی واپسی کی کوششیں مسلسل جاری ہیں، اور ہم آخری مغوی کی واپسی تک نہیں رکیں گے۔”
دوسری جانب حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے تصدیق کی ہے کہ دو اسرائیلی مغویوں کی لاشیں ریڈ کراس کے حوالے کی گئی ہیں۔
القصام بریگیڈ کے مطابق مزید 11 اسرائیلی اسیران کی لاشیں بھی آئندہ اسرائیل کے حوالے کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق اسرائیل حماس پر زور دے رہا ہے کہ وہ موجودہ معاہدے کو برقرار رکھے اور تمام مغویوں کی رہائی اور واپسی کے عمل کو تیز کرے۔
حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لاشوں کی بازیافت کے دوران متعدد لاجسٹک اور آپریشنل چیلنجز کا سامنا ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں اسرائیلی بمباری سے شدید تباہی ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں ایک اہم مرحلہ ثابت ہو سکتی ہے، تاہم دونوں فریقوں کے درمیان اعتماد کی فضا اب بھی نازک ہے۔