کیلیفورنیا: گوگل اکاؤنٹ ہیک ہو جانا یا پاس ورڈ بھول جانا صارفین کے لیے ہمیشہ ایک پریشان کن مرحلہ رہا ہے، مگر اب اس مسئلے کا حل گوگل نے خود پیش کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق گوگل نے صارفین کے اکاؤنٹس کو مزید محفوظ بنانے اور ریکوری کے عمل کو آسان کرنے کے لیے نئے سیکیورٹی فیچرز متعارف کرائے ہیں۔ ان میں سے ایک دلچسپ فیچر “ریکوری کانٹیکٹس” (Recovery Contacts) کے نام سے پیش کیا جا رہا ہے، جو مشہور گیم شو کون بنے گا کروڑ پتی کے انداز سے مشابہت رکھتا ہے۔
اس فیچر کے تحت اگر کسی صارف کا اکاؤنٹ ہیک ہو جائے یا وہ پاس ورڈ بھول جائے تو وہ اپنے قابلِ اعتماد دوست یا رشتہ دار کی مدد سے اکاؤنٹ دوبارہ حاصل کر سکے گا۔
جب یہ فیچر عام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا تو اسے گوگل اکاؤنٹ سیٹنگز کے سیکیورٹی سیکشن میں پایا جا سکے گا۔ وہاں صارفین کو ایک قابلِ اعتماد کانٹیکٹ (جیسے شریکِ حیات یا قریبی دوست) شامل کرنا ہوگا۔
منتخب شخص کو گوگل کی جانب سے ایک ای میل موصول ہوگی جس میں دعوت قبول کرنے کی درخواست ہوگی۔ بعد ازاں، اگر صارف کو کبھی اپنے اکاؤنٹ میں لاگ اِن ہونے میں مشکل پیش آئے، تو “Ask your friend to help you sign in” کے نام سے ایک نیا آپشن دستیاب ہوگا۔
اس آپشن پر کلک کرنے کے بعد منتخب کانٹیکٹ کو اپنی ڈیوائس پر ایک پرامپٹ نظر آئے گا۔ اگر وہ صارف کی شناخت کی تصدیق کر دے تو صارف کو دوبارہ اکاؤنٹ تک رسائی حاصل ہو جائے گی، جہاں وہ نیا پاس ورڈ سیٹ کر سکے گا۔
گوگل کی جانب سے اس کے ساتھ ساتھ فون نمبر کے ذریعے اکاؤنٹ ریکوری کا ایک نیا فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس میں صارف سے سابقہ ڈیوائس کا پن یا پیٹرن کوڈ طلب کیا جائے گا تاکہ سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
گوگل کے مطابق یہ نئے فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں مرحلہ وار صارفین کے لیے جاری کیے جائیں گے۔