پاکستان کا پہلا ہائپراسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں روانہ

کراچی: پاکستان نے اپنا پہلا ہائپراسپیکٹرل سیٹلائٹ (HS-1) کامیابی سے خلا میں روانہ کر دیا۔ یہ لانچ چین سے عمل میں آئی، جب کہ سپارکو (SUPARCO) کے دفتر میں سیٹلائٹ کی روانگی کے مناظر براہِ راست دکھائے گئے۔

ترجمان سپارکو کے مطابق، پاکستان کا یہ مشن قومی خلائی پالیسی اور وژن 2047 کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ایچ ایس ون سیٹلائٹ انفراسٹرکچر میپنگ، شہری منصوبہ بندی، زرعی ترقی اور ماحولیاتی نگرانی میں نئی راہیں کھولے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ جدید سیٹلائٹ سیلاب، لینڈ سلائیڈز اور دیگر قدرتی آفات کی پیش گوئی میں مدد فراہم کرے گا اور ماحولیاتی تبدیلیوں اور ارضیاتی خطرات کی بروقت نگرانی کو ممکن بنائے گا۔

مزید بتایا گیا کہ ایچ ایس ون سیٹلائٹ آج ہی اپنے مخصوص مدار میں داخل ہو جائے گا، جب کہ اس کی مکمل جانچ کے عمل (Testing Phase) میں تقریباً دو ماہ لگیں گے۔ اس کے بعد سیٹلائٹ مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

سپارکو کے ترجمان کے مطابق، رواں سال خلا میں بھیجا جانے والا یہ پاکستان کا تیسرا سیٹلائٹ ہے۔ اس سے قبل ای او ون (EO-1) اور کے ایس ون (KS-1) سیٹلائٹس کامیابی سے خلا میں بھیجے جا چکے ہیں اور دونوں فی الحال مکمل طور پر فعال ہیں۔

ترجمان سپارکو نے کہا کہ:

“پاکستان کا خلائی پروگرام جدید ٹیکنالوجی اور ایپلی کیشنز کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ یہ مشن سائنسی ترقی اور ماحولیاتی استحکام کی سمت ایک تاریخی قدم ہے۔”

Related posts

واٹس ایپ کی نئی پابندیاں، نامعلوم نمبروں پر پیغامات بھیجنے کی حد مقرر کرنے کی تیاری

گوگل نے ہیک شدہ یا پاس ورڈ بھولے اکاؤنٹس کی ریکوری کا نیا اور آسان طریقہ متعارف کرا دیا

ایمازون آئندہ سال پاکستان میں سیٹلائٹ براڈ بینڈ سروسز کا آغاز کرے گا