اسلام آباد: ٹک ٹاک نے سال 2025ء کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون) کے لیے اپنی کمیونٹی گائیڈ لائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کر دی ہے، جو صارفین کے لیے محفوظ اور مثبت ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران ٹک ٹاک نے پاکستان میں 25,448,992 ویڈیوز کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر حذف کیں۔ فعال انداز میں کانٹینٹ ہٹانے کی شرح 99.7 فیصد رہی، جبکہ 96.2 فیصد ویڈیوز اپ لوڈ کیے جانے کے 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دی گئیں۔
عالمی سطح پر ٹک ٹاک نے اسی سہ ماہی کے دوران 189 ملین ویڈیوز حذف کیں، جو پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کیے گئے کل مواد کا تقریباً 0.7 فیصد بنتی ہیں۔ ان میں سے 163,962,241 ویڈیوز خودکار نظام کے ذریعے شناخت کر کے ہٹائی گئیں، جب کہ 7,457,309 ویڈیوز مزید جائزے کے بعد دوبارہ بحال کر دی گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹک ٹاک نے پلیٹ فارم کی شفافیت برقرار رکھنے کے لیے 76,991,660 جعلی اکاؤنٹس اور 25,904,708 ایسے اکاؤنٹس بھی حذف کیے جن کے بارے میں شبہ تھا کہ وہ 13 سال سے کم عمر صارفین کے تھے۔
ٹک ٹاک کے مطابق، پلیٹ فارم کا مقصد صارفین کو محفوظ، مثبت اور بااعتماد ماحول فراہم کرنا ہے۔ مزید تفصیلات اور پالیسیوں سے متعلق معلومات ٹک ٹاک کے ٹرانسپیرنسی سینٹر پر اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہیں۔