واٹس ایپ نے گروپ چیٹس کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرایا ہے جو صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنا دے گا۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے نئے بیٹا (Beta) ورژن میں شامل کیا گیا ہے اور آئندہ دنوں میں اسے مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا۔
اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین @all کا استعمال کرتے ہوئے گروپ چیٹ میں موجود تمام اراکین کو بیک وقت ٹیگ کر سکیں گے۔ اس سے پہلے گروپ میں ہر فرد کو انفرادی طور پر مینشن کرنا پڑتا تھا، جو وقت طلب عمل تھا اور بعض اوقات کچھ نام رہ بھی جاتے تھے۔
اب اس نئے فیچر کے تحت گروپ کے تمام اراکین کو نوٹیفکیشن موصول ہوگا، چاہے کسی نے چیٹ کو میوٹ ہی کیوں نہ کیا ہو۔
یہ سہولت خاص طور پر بڑے گروپس اور کمیونٹی چیٹس میں انتہائی کارآمد ثابت ہوگی جہاں کسی اہم اطلاع یا اپ ڈیٹ کو تمام اراکین تک فوری طور پر پہنچانا ضروری ہوتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فیچر صرف گروپ ایڈمن تک محدود نہیں ہوگا بلکہ گروپ کا کوئی بھی فرد @all مینشن کے ذریعے پورے گروپ کو مخاطب کر سکے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ ایک مزید نیا فیچر بھی ٹیسٹ کر رہا ہے جس کے تحت صارفین @all مینشنز کو میوٹ کر سکیں گے تاکہ وہ غیر ضروری نوٹیفکیشنز سے بچ سکیں۔
فی الحال یہ فیچر صرف بیٹا ورژن میں دستیاب ہے، تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ جلد ہی یہ تمام صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا.