پشاور: پشاور پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کو اختیار کرتے ہوئے ہائی ٹیک ڈرون تیار کرلیا ہے جو نہ صرف نگرانی بلکہ آپریشنل سرگرمیوں میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق یہ جدید ڈرون 10 کلو میٹر رینج اور لیزر سسٹم سے لیس ہے، جس کا نوشہرہ پولیس سینٹر میں کامیاب تجربہ کیا گیا۔ ڈرون 10 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پولیس کے مطابق اس ڈرون پر نائٹ وژن سرویلنس کیمرے، ٹیئر گیس شیلز اور مارٹر گولے بھی نصب کیے جاسکتے ہیں، جبکہ ڈرون جدید آٹو انفارمیشن سسٹم سے لیس ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ ڈرون کا وزن 55 کلوگرام اور لمبائی 2 میٹر ہے، جو 36 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق یہ ڈرون ایک ہزار میٹر کی بلندی تک اڑان بھرنے اور ایک گھنٹے تک مسلسل پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ نیا ہائی ٹیک ڈرون سیکیورٹی، دہشت گردی کی روک تھام، عوامی اجتماعات کی نگرانی اور ہنگامی حالات میں امدادی سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کیا جائے گا۔