نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک بڑی سہولت فراہم کی ہے، جس کے تحت اب گاڑیوں کی خرید و فروخت کے لیے بائیومیٹرک تصدیق گھر بیٹھے بھی کی جا سکے گی۔
نادرا کی جانب سے جاری پوسٹ کے مطابق، اسلام آباد میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے لیے صارفین پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کروا سکتے ہیں، جس سے لائنوں میں انتظار کرنے کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔ اس کے بعد متعلقہ ادارے میں ٹرانسفر کی باقی کارروائی مکمل کی جائے گی۔
خیال رہے کہ 31 اکتوبر 2024 سے گاڑی کی خریداری کے بعد ملکیت کی تبدیلی صرف بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے ہی کی جا رہی ہے، اور اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔
سینئر وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن سندھ کی منظوری کے مطابق، گاڑی کی ملکیت کی منتقلی کے وقت خریدار اور بیچنے والے دونوں کی بائیومیٹرک تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے۔ مزید یہ کہ یکم جنوری 2025 سے یہ لازمی شرط تمام پاکستان میں نافذ ہو جائے گی۔
اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کا وقت بچے گا بلکہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے عمل میں شفافیت اور سیکیورٹی بھی بڑھ جائے گی۔