گوگل اسسٹنٹ مارچ 2026 میں ریٹائر ہوگا، جیمنائی اس کی جگہ لے گا

کیلیفورنیا: گوگل نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ گوگل اسسٹنٹ کا دور ختم ہونے والا ہے، اور اب اس کی باقاعدہ ریٹائرمنٹ سے متعلق نیا شیڈول بھی سامنے آ گیا ہے۔ آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے لیس نیا چیٹ بوٹ جیمنائی بہت جلد اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں گوگل اسسٹنٹ کی جگہ مکمل طور پر لے لے گا۔

اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل کے اینڈرائیڈ آٹو سپورٹ فورم پر ظاہر ہونے والے ایک بینر میں بتایا گیا ہے کہ گوگل اسسٹنٹ مارچ 2026 تک دستیاب ہوگا۔ تاہم بینر میں ریٹائرمنٹ کی مخصوص تاریخ درج نہیں۔

گوگل نے 2025 کے آغاز میں اسسٹنٹ کو ختم کرکے جیمنائی کو اس کی جگہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ کمپنی کے مطابق جلد ہی اینڈرائیڈ فونز، اینڈرائیڈ آٹو، گوگل ٹی وی اور دیگر سروسز میں گوگل اسسٹنٹ موجود نہیں ہوگا اور تمام صارفین کو نئی تبدیلی اپنانا ہوگی۔

گوگل کی جانب سے جیمنائی کو مرکزی اسسٹنٹ بنانے کے اشارے کافی پہلے مل چکے تھے، خاص طور پر جب پکسل 9 اسمارٹ فون میں جیمنائی کو ڈیفالٹ اسسٹنٹ کا درجہ دیا گیا۔

کمپنی مختلف ایپس اور سروسز کے ساتھ جیمنائی کے انضمام پر تیزی سے کام کر رہی ہے تاکہ اسسٹنٹ کی مکمل بندش کے بعد صارفین کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

گوگل کے مطابق اسسٹنٹ کو مکمل طور پر ریٹائر کرنے سے پہلے جیمنائی کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا جائے گا تاکہ صارفین اس تبدیلی کو بغیر کسی مسئلے کے قبول کر سکیں۔

Related posts

ناسا نے خلائی مشن جلد ختم کر دیا، ایک خلا باز کی طبیعت ناساز ہونے پر کریو واپس زمین پر

چین کی اسمارٹ پاور گرڈ ٹیکنالوجی، بلیک آؤٹ ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ختم کرنے کی صلاحیت

تفریح سے آگے، ویڈیو فرسٹ سرچ انجن کے طور پر ابھرتا ہوا پلیٹ فارم پاکستان میں ٹک ٹاک کا سرچ فیچر تیزی سے مقبول