سان فرانسسکو: یوٹیوب نے اپنی موبائل ایپ میں نئے Create موڈ کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس کا مقصد صارفین کے لیے شارٹس اور دیگر ویڈیوز کی تیاری کو آسان بنانا ہے۔
اینڈرائیڈ پولیس کی رپورٹ کے مطابق یہ نیا موڈ یوٹیوب ایپ میں پلس آئیکون پر کلک کرنے سے کھلے گا اور صارفین کو مواد کی تیاری کے متعدد ٹولز فراہم کرے گا، جن میں AI پر مبنی ٹولز بھی شامل ہیں۔
صارفین اس نئے موڈ کو تصاویر، ویڈیو کلپس، گرین اسکرین بیک گراؤنڈز، میوزک ٹریکس اور دیگر مواد تیار کرنے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔ گوگل نے واضح نہیں کیا کہ AI ٹولز کس طرح صارفین کو تصاویر یا ویڈیوز بنانے میں مدد دیں گے، مگر امکان ہے کہ صارفین کو ایک پرومپٹ تحریر کرنی ہوگی۔
یہ نیا موڈ بالکل نیا فیچر نہیں ہے، کیونکہ پہلے سے ہی یوٹیوب ایپ میں تجرباتی AI فیچرز کے ذریعے ویڈیوز اور تصاویر کی تیاری ممکن ہے۔ تاہم، نئے Create موڈ کے ذریعے یہ ٹولز ایک جگہ جمع کر کے استعمال کرنا آسان بنایا گیا ہے۔
ابھی یہ موڈ محدود صارفین کو دستیاب ہے اور گوگل کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد شارٹس کی تیاری کے لیے نئے ذرائع کی آزمائش کرنا ہے۔ کمپنی کی ترجیحات میں مختصر ویڈیوز پر توجہ مرکوز کرنا شامل ہے تاکہ نہ صرف دیگر پلیٹ فارمز کا مقابلہ کیا جا سکے بلکہ کریئیٹرز کی ضروریات بھی پوری کی جا سکیں۔
مزید برآں، کمپنی نے حال ہی میں اڈوب کے ساتھ شراکت داری بھی کی ہے تاکہ مختصر ویڈیوز کی تیاری اور بھی آسان ہو جائے.