واٹس ایپ ہیک ہونے کی صورت میں فوری کیا کریں؟ این سی سی آئی اے کی ایمرجنسی گائیڈ لائن جاری

کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو اکاؤنٹ ہیک ہونے کی صورت میں فوری حفاظتی اقدامات اور ایمرجنسی پروٹوکول سے آگاہ کر دیا ہے۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق اگر کسی صارف کا واٹس ایپ ہیک ہو جائے، اکاؤنٹ تک رسائی ختم ہو جائے یا شبہ ہو کہ کوئی اور اس کا اکاؤنٹ استعمال کر رہا ہے تو فوری طور پر واٹس ایپ کو ان انسٹال کر کے دوبارہ انسٹال کریں اور اکاؤنٹ کو دوبارہ رجسٹر (Re-Register) کریں۔

حکام کے مطابق لاگ اِن کے دوران اپنا فون نمبر درج کریں، جس کے بعد ایس ایم ایس کے ذریعے 6 ہندسوں کا تصدیقی کوڈ موصول ہوگا۔ اس کوڈ کو فوری طور پر درج کرنے سے ہیکر کے موبائل سے واٹس ایپ خودبخود لاگ آؤٹ ہو جائے گا، کیونکہ واٹس ایپ ایک وقت میں صرف ایک ہی ڈیوائس پر فعال رہ سکتا ہے۔

این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ اگر ہیکر نے ٹو اسٹیپ ویری فکیشن (Two-Step Verification) فعال کر دی ہو اور صارف کو پن معلوم نہ ہو تو واٹس ایپ 7 دن انتظار کا پیغام دے سکتا ہے۔ تاہم صارفین کو اس صورتحال میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کیونکہ ایس ایم ایس کوڈ درج کرنے کے بعد ہیکر اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ ہو چکا ہوتا ہے اور انتظار کے دوران کوئی بھی اکاؤنٹ استعمال یا پیغامات نہیں پڑھ سکتا۔

حکام نے مزید بتایا کہ اگر صارف نے پہلے ہی واٹس ایپ کے ساتھ ای میل ایڈریس لنک کر رکھا ہو تو “Forgot PIN” پر کلک کر کے بغیر انتظار کیے فوراً نیا پن ری سیٹ کیا جا سکتا ہے۔

این سی سی آئی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو محفوظ رکھنے کے لیے ٹو اسٹیپ ویری فکیشن اور ای میل لنکنگ کو لازمی فعال رکھیں.

Related posts

پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی تاریخی نیلامی کا آغاز، ڈیجیٹل معیشت کے نئے دور کی امید

پاکستان نے سائبر سکیورٹی کے میدان میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے ملکی سطح پر اینڈ پوائنٹ ڈیٹیکشن اینڈ رسپانس (EDR) اینٹی وائرس سسٹم تیار کر لیا

امریکا میں اے آئی سے چلنے والا قدآدم روبوٹک فوجی تیار، جنگی حکمتِ عملی میں نئی بحث چِھڑ گئی