ایکس کے اے آئی چیٹ بوٹ گروک نے نریندر مودی کو ’’ان پڑھ‘‘ اور ’’احمق‘‘ قرار دے دیا، سوشل میڈیا پر ہنگامہ

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے اے آئی چیٹ بوٹ گروک (Grok) سے منسوب ایک متنازع ردِعمل نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے، جس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ’’ان پڑھ‘‘ اور ’’احمق‘‘ قرار دیے جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک صارف نے ایکس پر ایک تصویر شیئر کی، جس میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، کانگریس رہنما راہول گاندھی اور بھارتی لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے اسپیکر موجود تھے۔ صارف نے اس تصویر کے ساتھ ایکس کے اے آئی چیٹ بوٹ گروک کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ تصویر میں سے ان پڑھ شخص کو ہٹا دیا جائے۔

گروک کی جانب سے جواب میں مبینہ طور پر نریندر مودی کو تصویر سے ہٹا کر نئی تصویر پیش کی گئی۔ اسی پوسٹ کے تحت ایک اور صارف نے گروک سے درخواست کی کہ تصویر میں سے احمق شخص کو ہٹایا جائے، جس پر اس بار بھی گروک نے مودی کو ہٹا دیا۔

گروک کی جانب سے نریندر مودی کو ان پڑھ اور احمق قرار دینے سے متعلق یہ معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ صارفین کی بڑی تعداد نے اس پر دلچسپ اور طنزیہ تبصرے کیے، جبکہ دوسری جانب مودی کے حامی صارفین نے ایکس اور گروک پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اے آئی چیٹ بوٹس کی غیر جانبداری، تربیت اور ذمہ داری پر سنجیدہ سوالات کو جنم دیتا ہے، جبکہ ناقدین کے مطابق ایسے ٹولز کے غیر محتاط استعمال سے سیاسی تنازعات مزید شدت اختیار کر سکتے ہیں۔

تاحال ایکس یا گروک کی جانب سے اس معاملے پر باضابطہ وضاحت یا ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Related posts

ناسا نے خلائی مشن جلد ختم کر دیا، ایک خلا باز کی طبیعت ناساز ہونے پر کریو واپس زمین پر

چین کی اسمارٹ پاور گرڈ ٹیکنالوجی، بلیک آؤٹ ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ختم کرنے کی صلاحیت

تفریح سے آگے، ویڈیو فرسٹ سرچ انجن کے طور پر ابھرتا ہوا پلیٹ فارم پاکستان میں ٹک ٹاک کا سرچ فیچر تیزی سے مقبول