نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی نئے سال کی پہلی ایڈوائزری جاری

اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے صارفین کے لیے نئے سال کی پہلی سائبر سکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں آن لائن فراڈ اور ہیکنگ سے بچاؤ کے لیے اہم ہدایات دی گئی ہیں۔

این سی سی آئی اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آج کے دور میں پڑھے لکھے اور باخبر افراد بھی سائبر کرائم کا آسانی سے شکار ہو جاتے ہیں، کیونکہ ہیکرز اب صرف تکنیکی طریقوں پر انحصار نہیں کرتے بلکہ جذبات، لالچ اور خوف کا فائدہ اٹھا کر صارفین سے ذاتی معلومات حاصل کر لیتے ہیں۔

ایڈوائزری میں صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سب سے پہلے اپنے پاسورڈز مضبوط بنائیں اور پاسورڈ کے لیے اپنا نام، تاریخِ پیدائش یا سادہ اعداد استعمال کرنے سے گریز کریں۔ تمام آن لائن اکاؤنٹس پر ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن (ٹو ایف اے) فعال کرنے پر زور دیا گیا ہے، جسے ایجنسی نے ’’ڈیجیٹل گھر پر اضافی اور مضبوط تالا‘‘ قرار دیا ہے۔

این سی سی آئی اے نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی انجان یا مشکوک لنک پر کلک نہ کریں اور نہ ہی فون یا میسج پر کسی کو اپنا او ٹی پی فراہم کریں۔ ایڈوائزری کے مطابق اگر کوئی پیغام غیر معمولی انعام یا رقم کا لالچ دے تو اسے فراڈ تصور کیا جائے۔

ایجنسی نے صارفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سنہری اصول یہی ہے کہ کسی بھی لنک یا پیغام پر ردعمل دینے سے پہلے ضرور سوچیں، یہی احتیاط بڑے مالی اور ذاتی نقصان سے بچا سکتی ہے۔

Related posts

ناسا نے خلائی مشن جلد ختم کر دیا، ایک خلا باز کی طبیعت ناساز ہونے پر کریو واپس زمین پر

چین کی اسمارٹ پاور گرڈ ٹیکنالوجی، بلیک آؤٹ ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ختم کرنے کی صلاحیت

تفریح سے آگے، ویڈیو فرسٹ سرچ انجن کے طور پر ابھرتا ہوا پلیٹ فارم پاکستان میں ٹک ٹاک کا سرچ فیچر تیزی سے مقبول