گوگل کی بڑی اپ ڈیٹ: صارفین اب اپنی پرائمری جی میل آئی ڈی تبدیل کر سکیں گے

گوگل نے جی میل استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک اہم اور کارآمد اپ ڈیٹ متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت گوگل اکاؤنٹ ہولڈرز اب اپنے پرائمری @gmail.com ای میل ایڈریس کو اسی اکاؤنٹ کے اندر تبدیل کر سکیں گے۔

گوگل کے مطابق اس نئے فیچر کے ذریعے صارفین جب نئی Gmail آئی ڈی پر سوئچ کریں گے تو ان کا تمام ڈیٹا مکمل طور پر محفوظ رہے گا۔ تصاویر، ای میلز، پیغامات اور دیگر معلومات کسی بھی طرح متاثر نہیں ہوں گی۔ ٹیکنالوجی کمپنی نے اس فیچر کا بتدریج (Gradual Rollout) آغاز کر دیا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ صارفین پرانے یا نئے دونوں ای میل ایڈریسز کے ذریعے گوگل کی مختلف سروسز جیسے Gmail، Maps، YouTube اور Google Drive میں سائن اِن کر سکیں گے۔

گوگل نے وضاحت کی ہے کہ ایک بار نیا جی میل ایڈریس بنانے کے بعد صارف اگلے 12 ماہ تک دوبارہ نیا ایڈریس تبدیل نہیں کر سکے گا، تاہم پرانا ای میل ایڈریس کسی بھی وقت دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ڈیٹا سیکیورٹی کی یقین دہانی کے باوجود گوگل نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ ای میل ایڈریس تبدیل کرنے سے قبل اپنی اہم معلومات کا بیک اپ ضرور بنا لیں، کیونکہ اس عمل کے دوران بعض ایپس کی سیٹنگز ری سیٹ ہو سکتی ہیں۔

گوگل کے مطابق صارفین یہ جانچنے کے لیے کہ آیا یہ فیچر ان کے اکاؤنٹ میں فعال ہو چکا ہے یا نہیں، اکاؤنٹ سیٹنگز میں جا کر “Personal Information” کے سیکشن میں دیکھ سکتے ہیں۔

یہ اپ ڈیٹ ان صارفین کے لیے خاص طور پر مفید قرار دی جا رہی ہے جو اپنی پرانی جی میل آئی ڈی تبدیل کرنا چاہتے تھے لیکن ڈیٹا ضائع ہونے کے خدشے کے باعث ایسا نہیں کر پا رہے تھے.

Related posts

ناسا نے خلائی مشن جلد ختم کر دیا، ایک خلا باز کی طبیعت ناساز ہونے پر کریو واپس زمین پر

چین کی اسمارٹ پاور گرڈ ٹیکنالوجی، بلیک آؤٹ ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں ختم کرنے کی صلاحیت

تفریح سے آگے، ویڈیو فرسٹ سرچ انجن کے طور پر ابھرتا ہوا پلیٹ فارم پاکستان میں ٹک ٹاک کا سرچ فیچر تیزی سے مقبول